کابل: طالبان کے نگراں وزیر دفاع مولوی محمد یعقوب مجاہدنے امارت اسلامیہ کے اندر اختلافات کی تردید کی اور کہا کہ نظام کو نقصان پہنچانے والا کوئی بھی اختلاف امارت اسلامیہ میں نہیں ہے۔ یعقوب مجاہد نے پنجشیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے کہا کہ حکومت میں کسی بھی قسم کے اختلافات کے حوالے سے ، خو اہ نظریاتی ہوں یا سیاسی ،بین الاقوامی اداروں کی طرف سے پھیلائی جانے والی خبریں درست نہیں بلکہ گمراہ کن اور بے بنیاد و مبنی بر جھوٹ ہیں۔
محمد یعقوب مجاہد نے مزید کہا کہ امارت اسلامیہ میں دور دور تک کوئی تقسیم، کوئی مخالفت، محاذ آرائی یا کوئی اور چیز نہیں جو نظام کے لیے نقصان دہ ہو۔ یہ صرف اور صرف حکومت کے خلاف پروپیگنڈہ ہے۔وزارت دفاع کے سربراہ نے پنجشیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی رپورٹوں کے حوالے سے کہا کہ پنجشیر میں میں خود رہ چکا ہوں ار وہاں رہ کر میں خدمت کی ہے۔ انسانی حقوق کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی گئی۔ اگر ہوئی تو کب اور کیسے ہوئی اور کس کے ساتھ ہوئی؟ یہ صرف جھوٹی رپورٹوں، بہتانوں اور پروپیگنڈے پر مبنی ہے جو وہ اپنے من سے گڑھتے ہیں اور پھر پھیلاتے ہیں۔
مولوی مجاہد نے دوران گفتگو یہ بھی کہا کہ امریکہ کی طرف سے ہمیشہ افغانستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی جاتی رہی ہے جبکہ افغانستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنا دوحہ معاہدے کی خلاف ورزی ہے اور امریکہ نے بارہا اس معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔نگراں حکومت کے اعلیٰ فوجی عہدیدار نے یہ استفسار کیے جانے پر کہ افغانستان اب سے پانچ سال بعد کہاں ہوگا کہا کہ انہیں امید ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں ترقی ہوگی اور ملک میں تعلیم کو درپیش چیلنجز سے بھی نمٹنے کی جانب پیش رفت ہوگی۔
تصویر سوشل میڈیا 