پاٹشیفٹسروم:یشاسوی جیسوال کی شاندار سنچری ،دیوانش سکسینہ کی ہاف سنچری اور ان دونوں کے درمیان پہلی وکٹ کے لیے ہی پاکستان کی پوری اننگز کے اسکور برابر پارٹنر شپ کی بدولت ہندوستان نے پاکستان کو 10وکٹ سے شکست دے کر انڈر نائنٹین ورلڈ کپ کے فائنل میں شاہانہ انداز سے داخلہ حاصل کر لیا۔
ہندوستان نے جیت کے لیے مطلوبہ اسکور 36ویں اوور کی دوسری گیند پر ہی جیسوال کے اس چھکے سے پورا کر لیا جس نے ہدف پار کرنے کےساتھ ساتھ جیسوال کی سنچری بھی مکمل کر دی۔ جس وقت جیسوال نے بائیں ہاتھ کے اسپن بولر عامر علی کی گیند کو چھکے کے لیے مڈ وکٹ باؤنڈری کے اوپر سے نکالنے کے لیے لمبی ہٹ لگائی تو اس وقت ٹیم انڈیا کو جیت کے لیے 3اور جیسوال کو سنچری کے لیے ایک رن کی ضرورت تھی اور ابھی 88گیندیں باقی تھیں لیکن جیسوال نے سہواگ انداز میں چھکے سے سنچری مکمل کرنےکا خطرہ مول لیا اور اس میں انہیں نہ صرف کامیابی مل گئی بلکہ جیت کا مطلوبہ اسکور بھی پورا ہو گیا ۔
اس جوڑی کو توڑنے کے لیے پاکستانی کپتان روحیل نذیر نے اپنے ترکش کے تمام تیر استعمال کر ڈالے لیکن اس جوڑی نے بھی ان کا کوئی تیر نشانے پر نہیں لگنے دیا اور نہ صرف زبردست مزاحمت کی بلکہ ایسے تابڑ توڑ حملے کیے کہ ابھی 20اووروں کا ہی کھیل ہوا تھاکہ یہ جوڑی نصف منزل طے کر چکی تھی۔اور اس کے بعد تو جیسوال اور سکسینہ نے پاکستانی بولروں کی ایسی خبر لینا شروع کی الاماں و الحفیظ۔ اور باقی نصف منزل 15اووروں میں ہی طے کر کے ہندوستان کو آئی سی سی انڈر19-ورلڈ کپ ناک آؤٹ میں 10وکٹ سے جیت حاصل کرنے والا پہلا ملک ہونے کا اعزاز دلادیا۔
جیسوال نے 113گیندوں کا سامنا کیا اور 8چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے105اور سکسینہ نے 99بالوں پر 6چوکوں کے ساتھ59رنز بنائے۔اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی پوری ٹیم 43.1اووروں میں ہی محض172رنز پر ڈھیر ہو گئی۔پاکستان کی جانب سے افتتاحی بلے باز حیدر علی اور کپتان روحیل نذیر کے علاوہ کوئی بلے باز جیت کی امنگ سے کھیلتا ہوا نہیں بلکہ محض خانہ پری کے لیے کھیلتا نظر آیا یہ وجہ ہے کہ اس کے سات بلے باز جن میں تین چوٹی کے بلے باز محمد حریرہ،فہد منیر اور قاسم اکرم بھی شامل تھے۔
ھیدر علی نے 77گیندوں پر9چوکوں کے ساتھ56اور روحیل نے 102گیندوں پر6چوکوں کی مدد سے62رنز بنائے۔ ڈبل فیگر میں پہنچنے والے تیسرے بلے باز محمد حارث تھے جنہوں نے 15گیندیں کھیلیں اور21رنز بنائے اور ایک چوکا اور ایک ہی چھکا لگایا۔ ہندوستان کی طرف سے فاسٹ بولر وںسشانت مشرا نے 3اور کارتک تیاگی نے دو وکٹ لیے جبکہ اسپن شعبہ میں، لیگ اسپنرز روی بشنوئی نے دو اور اتھروا انکولیکر نے ایک وکٹ لی جبکہ بائیں ہاتھ کے جز وقتی اسپنر جیسوال نے بھی ایک وکٹ لی۔جیسوال کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔