صنعاء،( اے یو ایس ) یمن کی حکومت نے عرب وزرائے داخلہ کونسل کے جنرل سکریٹریٹ کی جانب سے ایران نواز حوثی ملیشیا کو دہشت گرد جماعتوں کی فہرست میں شامل کرنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔یہ موقف یمنی وزیر اطلاعات معمر الاریانی کی زبانی ایک ٹویٹ میں سامنے آیا ہے۔ ان کے مطابق عرب وزرائے داخلہ کونسل اور عالمی سلامتی کونسل کے فیصلے اس امر کے عکاس ہیں کہ عالمی برادری اور عرب دنیا متفقہ طور پر حوثی ملیشیا کو ایک دہشت گرد تنظیم شمار کرتی ہے۔ اس کی وجہ ملیشیا کی جانب سے آئینی حکومت کا تختہ الٹے جانے کے بعد سے یمنی عوام کے خلاف غیر معمولی نوعیت کے جرائم اور سنگین خلاف ورزیاں ہیں۔
علاوہ ازیں حوثیوں نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ اسی طرح بین الاقوامی تجارتی بحری جہازوں کے امن و سلامتی اور جہاز رانی کے لیے خطرہ بن گئے۔یمنی وزیر اطلاعات نے باور کرایا کہ حالیہ فیصلے کے بعد عرب ممالک میں حوثیوں کی سیاسی اور تجارتی سرگرمیوں پر پابندی اور ان کا قانونی تعاقب سخت بنایا جائے گا۔واضح رہے کہ عرب وزرائے داخلہ کی کونسل کے جنرل سکریٹریٹ کی جانب سے ایران نواز حوثی ملیشیا کو دہشت گرد جماعت قرار دینے کا فیصلہ کونسل کے 39 ویں اجلاس کے اختتام پر سامنے آیا۔ یہ اجلاس تونس کے دارالحکومت میں منعقد ہوا۔
