دہرہ دون: ہری دوار دھرم سنسد کے دوران نفرت ا نگیز تقریر کرنے کے معاملہ میں یتی نرسنگھا نند کو اتراکھنڈ پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ ہری دوار نفرت انگیز تقریر کیس میں یہ دوسری گرفتاری ہے۔ اس سے پہلے وسیم رضوی سے جتیندر تیاگی بننے والے کو پولیس نے گرفتار کیا گیا تھا۔ ہری دوار میں منعقدہ مذہبی پروگرام میں مذہب خاص کے خلاف نفرت آمیز تقریر کو لے کر یہ معاملہ سرخیوں میں آ یا تھا۔ اس معاملہ میں سپریم کورٹ میں نفرت آمیز تقریر پر کارروائی کرنے کی فریاد کی گئی تھی۔
سول سوسائٹی تنظیم اور کئی دیگر ہستیوں نے بھی وزیر اعظم مودی اور ہندوستان کے چیف جسٹس کو خط لکھا تھا۔دریں اثنا ہر ی دوار دھرم سنسد میں اشتعال انگیز تقریر معاملے میں گرفتار جتیندر نارائن تیاگی عرف وسیم رضوی کی ضمانت عرضی خارج ہو گئی ہے۔ سی جے ایم ہری دوار کی عدالت نے ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔ اب وسیم رضوی کے وکیل سیشن کورٹ میں اپیل دائر کریں گے۔
قابل غور ہے کہ جتیندر نارائن تیاگی (وسیم رضوی) کے خلاف ہری دوار شہر کوتوالی میں کل 3 مقدمات درج ہیں جنہوں نے دھرم سنسد میں اشتعال انگیز تقریریں کیں۔ ایک کیس میں، پولیس نے ملزم کو 41 سی آر پی سی کے تحت نوٹس بھی جاری کیا تھا۔ جتیندر نارائن تیاگی (وسیم رضوی) کو جرم کا اعادہ کرنے پر جمعرات کو نرسان بارڈر سے گرفتار کیا گیا تھا۔
تصویر سوشل میڈیا 