Zelensky adviser: Conflict should end 'no later than in May'تصویر سوشل میڈیا

ماسکو،( اے یو ایس ) یوکرین کے صدر ولودی میر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ روس کے ساتھ مذاکرات منگل کے روز جاری رہیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ روس کے ساتھ جنگ کو “منصفانہ امن” کے ذریعے ختم کرنے کے لیے مذاکراتی کوششوں کے سلسلے میں اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ کے ساتھ بات چیت ہوئی ہے۔پیر کی شب نشر ہونے والے وڈیو خطاب میں زیلنسکی نے کہا کہ “ہمارے وفد نے مجھے یہ بتایا ہے کہ روس کے ساتھ مذاکرات بہت اچھی نہج پر جا رہے ہیں۔ تاہم ہمیں دیکھنے دیجیے ، اب یہ لوگ کل (منگل کو) بات چیت جاری رکھیں گے”۔

یوکرین کے صدر نے ایک بار پھر روسی فوجیوں کو مخاطب کرتے ہوئے لڑائی روک دینے پر زور دیا۔ادھر یوکرین میں صدارتی مشیر اولیکسی اریسٹووچ نے گمان ظاہر کیا ہے کہ غالبا یوکرین میں جاری جنگ مئی کے اوائل میں اختتام پذیر ہو جائے گی جب روس کے پاس اپنے پڑوسی ملک کے خلاف فوجی آپریشن کے لیے مطلوبہ وسائل ختم ہو جائیں گے۔یاد رہے کہ یوکرین اور روس کے درمیان بات چیت میں اب تک کوئی قابل ذکر نتیجہ سامنے نہیں آیا ہے۔اریسٹووچ کے مطابق مئی میں ہمارے پاس امن معاہدہ موجود ہو گا اور شاید اس سے بھی پہلے، ہم دیکھیں گے، میں تازہ ترین امکانات کے بارے میں گفتگو کر رہا ہوں”۔

صدارتی مشیر نے مزید کہا کہ اس وقت “مکمل طور پر جنونیت پر مبنی” منظر نامے سامنے آ رہے ہیں ،،، اسی دوران میں روس محض ایک ماہ کی تربیت حاصل کرنے والے نئے بھرتی فوجیوں کو بھی یوکرین بھیج سکتا ہے۔البتہ اریسٹووچ کے مطابق امن معاہدہ طے پانے کے بعد بھی ایک برس تک چھوٹی سطح پر تدبیری جھڑپیں جاری رہ سکتی ہیں۔روس نے 24 فروی کو یوکرین پر حملہ کر کے جنگ کا آغاز کیا تھا۔ روسی صدر ولادی میر پوتین نے اسے خصوصی “فوجی آپریشن” کا نام دیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ دوسری عالمی جنگ کے بعد کسی بھی یورپی ملک میں سب سے بڑی فوجی کارروائی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *