اسلام آباد:(اے یو ایس ) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے کیس میں سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماﺅں کی ضمانت میں 27 ستمبر تک توسیع کر دی۔اسلام آباد ڈسٹرکٹ سیشن عدالت میں آج دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے کیس میں عمران خان سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماو¿ں کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔دوران سماعت مقدمے میں نامزد پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا اور اسد قیصر کی بھی حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی گئی۔فیصل واوڈا کے وکیل سردار مصروف خان نے استدعا کی کہ فیصل واوڈا عمرے کی ادائیگی پر گئے ہوئے ہیں، آج حاضری سے معافی کی درخواست منظور کی جائے۔
جج نے استفسار کیا کہ ’شہریار آفریدی، راجا خرم، علی نواز، فیصل جاوید کدھر ہیں؟، وکلا نے جواب دیا کہ وہ آرہے ہیں، راستے میں ہیں، سردار مصروف خان نے کہا کہ فیصل جاوید کا کیس دوسری عدالت میں ہے۔جج نے پولیس سے استفسار کیا کہ تفتیشی افسر کون ہے؟ کیا تفتیش مکمل ہے؟ تفتیشی آفیسر نے جواب دیا کہ ریکارڈ بھی موجود ہے اور تفتیش بھی مکمل ہے۔بابر اعوان نے کہا کہ اسد عمر راستے میں ہیں، جب مقدمہ ہوا وہ لاہور میں تھے اسد عمر کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی موجود تھی۔
بابر اعوان نے ایڈیشنل سیشن جج کا آگاہ کیا کہ عمران خان 9 حلقوں سے الیکشن لڑ رہے ہیں، وہ آج پیش نہیں ہوں گے، حاضری سے استثنٰیٰ کی درخواست منظور کی جائے۔جج نے بابر اعوان سے استفسار کیا کہ الیکشن کب ہو رہے ہیں۔ بابر اعوان نے بتایا کہ الیکشن 25 ستمبر کو ہو رہے ہیں۔ تھانہ آبپارہ میں درج مقدمہ میں دفعات قابل ضمانت ہیں، عمران خان کے خلاف یہ 21 واں مقدمہ ہے جس میں ضمانت لے رہے ہیں، دفعہ 506 (2) میں 3 سال سزا ہے۔جج نے ریمارکس دیے کہ دفعہ 506 (2) ناقابل ضمانت ہے۔