اسلام آباد(اے یو ایس ) قومی اسمبلی کے اجلاس میں چیف جسٹس سمیت سپریم کورٹ کے ججوں کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے لیے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کی تحریک قومی اسمبلی میں منظور کرلی گئی۔قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں عدلیہ کی جانب سے عمران خان کی ضمانت اور تحریک انصاف کے کارکنوں اور حامیوں کی جانب سے قومی اداروں و املاک کے ساتھ ساتھ حساس تنصیبات پر حملے کی شدید مذمت کی گئی۔چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے لیے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کی تحریک قومی اسمبلی میں منظور کر لی گئی۔یہ تحریک پارلیمانی سیکریٹری برائے صحت ڈاکٹر شازیہ ثوبیہ نے پیش کی جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔
کمیٹی میں محسن نواز رانجھا، خورشید احمد جونیجو، صلاح الدین احمد ایوبی، شہناز بلوچ اور صلاح الدین شامل ہیں اور یہ سپریم کورٹ کے ججوں کے رویوں کا جائزہ لینے کے بعد ریفرنس تیار کرکے سپریم جوڈیشل کونسل میں دائر کرے گی۔دوران اجلاس ملک میں انتشار پھیلانے اور سرکاری و فوجی تنصیبات پر حملوں کے خلاف مذمتی قرارداد بھی منظور کر لی گئی۔
قرراداد میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے دفاعی اداروں کے خلاف غداری اور بے بنیاد الزامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ مذکورہ سیاسی جماعت اور رہنماو¿ں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔اس حوالے سے کہا گیا کہ شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی پر شرپسند عناصر کو سزا دی جائے اور شرپسند عناصر کا مستقبل میں قلع قمع کرنے کی قانون سازی کی جائے۔قرارداد میں کہا گیا کہ ایوان اپنی بہادر اور جری افواج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور دفاع پاکستان میں بھرپور حمایت اور شانہ بشانہ ساتھ کھڑا رہنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔قرارداد ایم کیو ایم پاکستان کے رکن اسمبلی صابر قائم خانی نے پیش کی۔
تصویر سوشل میڈیا