صنعا:(اے یو ایس)یمن میں آئینی حکومت کی سپورٹ کرنے والے والے عرب اتحاد نے اعلان کیا ہے کہ بحر احمر کے جنوب میں حوثی ملیشیا کی جانب سے دھماکا خیز کشتی کے ذریعے حملے کی کارروائی کو ناکام بنا دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اتحاد کی مشترکہ فورسز نے پیر کے روز مذکورہ حملے کی کارروائی کو ناکام بنا دینے کی تصدیق کی ہے۔اتحاد نے زور دے کر کہا ہے کہ حوثی ملیشیا اسٹاک ہوم معاہدے کی آڑ لے کر الحدیدہ سے معاندانہ حملے کر رہی ہے۔ حوثی عناصر ابھی تک جہاز رانی اور عالمی تجارت کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ادھر یورپی یونین نے کا کہنا ہے کہ وہ یمن میں جاری تنازع کے سیاسی حل کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کا خیر مقدم کرتی ہے۔
اتوار کو ایک بیان میں یورپی یونین نے کہا کہ سعودی عرب کی طرف سے یمن کے بحران کے حل کے لیے پیش کردہ ابتدائی منصوبے کا اہم پہلو اقوام متحدہ کے زیر نگرانی یمن میں جنگ بندی اور یمن کے فضائی اور بحری راستے کھولنے کا اعلان ہے۔دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے باور کرایا ہے کہ یمن میں پر امن حل کی حمایت کے حوالے سے سعودی عرب کا موقف واضح ہے۔ بلنکن کے مطابق اس تنازع کا جامع حل تلاش کرنا ان کے ملک کی اولین ترجیحات میں سے ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یمن میں امن کو یقینی بنانے کے لیے واشنگٹن کے شراکت داروں اور حلیفوں کے ساتھ کام کرتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی نظر میں اس بحران کے پر امن حل کی تلاش کے لیے یمنی حکومت کی پاسداری قابل تحسین ہے۔