ریاض:(اے یو ایس)یمن میں سعودی عرب کے سفیر محمد آل جابر نے کہا ہے کہ مملکت کی قیادت میں قائم عرب اتحاد نے یمن میں پائیدار امن کے قیام اور یمنی قوم کی نمائندہ قوتوں کے درمیان اتحاد کے قیام کے لیے بھرپور کوششیںکی ہیں۔
اپنے متعدد ٹویٹس میں سعودی سفیر نے کہا کہ کشیدگی اور محاذ آرائی سے بچنے اور قومی وحدت کے لیے یمن کی سیاسی، عسکری اور سماجی لیڈرشپ پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کی مساعی سے الریاض معاہدے کو عملی شکل دینے کے ساتھ ساتھ معاہدے کی عسکری شق پر اتفاق رائےسے عمل درآمد کیا گیا جو کہ یمن میں امن اور استحکام کے قیام کی سمت میں ایک اہم پیشرفت ہے۔
انہوں نے یمنی صدر عبد ربہ منصور ھادی، حکومت ، جنوبی یمن کی عبوری کونسل، یمن کی سیاسی قوتوں اور یمنی قوم کو الریاض معاہدے کی عسکری شق پرعمل درآمد پر مبارک باد پیش کی۔
خیال رہے کہ گذشتہ جمعہ کی شام کو یمنی وزیراعظم معین عبدالملک کی قیادت میں نئی کابینہ تشکیل دی گئی ہے۔ اس نئی کابینہ کو یمن کے صدر عبد ربہ منصور ھادی، سعودی عرب کی قیادت میں قائم عرب اتحاد اور یمن کی سرکردہ قومی، سیاسی شخصیات کی حمایت حاصل ہے۔