غزہ پٹی:فلسطینی وزارت صحت سے جاری معلومات کے مطابق حماس کے ذریعہ ساحلی خطہ سے اسرائیل کی جانب داغے جانے والے راکٹوں کے جواب میں محصور غزہ پٹی پر اسرائیلی بمابری میں کم از کم 24فلسطینی ہلاک ہو گئے۔
اسرائیلی فوجوں نے منگل (آج)کی صبح بھی خان یونس ،البوریج پناہ گزین کیمپ اور الزیتون میں مختلف مقامات کو نشانہ بنا کر بمباری جاری رکھی۔قبل ازیں دہشت گرد اسرائیلی فوجیوں کے ذریعے پیر کے دن بھی فلسطینیوں پر تشدد کیاگیا جس میں غزہ پٹی میں اسرائیلی بم باری میں ہلاک 24افراد میں تین بچے بھی شامل ہیں۔
اسی دوران اسرائیلی بمبار طیاروں نے الشطی پناہ گزیں کیمپ کو بھی نشانہ بنا کر بم برسائے جس میں تین غیر فوجی ہلاک ہو گئے۔ اس بمباری اور مختلف جگہوں پر ہونے والی جھڑپوں میں 300 فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔
بتایاجارہا ہے کہ پیر کو ہونے والی جھڑپیں اس تشدد کا تسلسل ہے جو مشرقی بیت المقدس کے علاقے شیخ جراح میں کئی دن سے جاری ہے۔ شیخ جراح میں آباد فلسطینی خاندانوں کو یہودی آبادکاروں کی جانب سے جبری بے دخلی کا سامنا ہے اور اسی وجہ سے علاقے میں حالات کشیدہ ہیں۔