واشنگٹن:(اے یو ایس )امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے منگل کے روز اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ مغرب کبھی بھی روس کے یوکرین کے الحاق کو تسلیم نہیں کرے گا۔ دوسری طرف کریملن کی طرف سے نصب کردہ حکام نے ماسکو کے زیر کنٹرول علاقوں میں منعقد ریفرنڈم کی کامیابی کا اعلان کرنا شروع کر دیا ہے۔بلنکن نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہم اور بہت سے دوسرے ممالک بہت واضح ہیں کہ ہم ریفرنڈم کو تسلیم نہیں کریں گے۔ درحقیقت ہم روس کے یوکرینی علاقے کےالحاق کو کبھی بھی تسلیم نہیں کریں گے۔
یوکرین کے صدر زیلنسکی نے کہا ہے کہ انہوں نے منگل کے روز ناٹو کے سیکرٹری جنرل ا سٹولٹن برگ کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے اور اپنے ملک کیلئے ناٹو ممالک سے مزید فوجی مدد کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ یہ فون کال یوکرین کے چار مقبوضہ علاقوں میں روس میں شمولیت کے لیے ووٹنگ کے بعد سامنے آئی ہے۔زیلنسکی نے ووٹنگ کے عمل کی مذمت کرنے پر ا سٹولٹن برگ کا شکریہ بھی ادا کیا۔ سٹولٹن برگ اور مغربی اتحادیوں نے اس ریفرنڈم کو شرمناک اورناجائز قرار دیا تھا۔ یوکرینی صدر نے کہا ہم نے میدان جنگ میں موجودہ پیش رفت اور یوکرین کی مسلح افواج کے لیے اتحادی رکن ممالک کی جانب سے مزید حمایت پر تبادلہ خیال کیا۔ اسٹولٹن برگ نے کہا کہ روس کی طرف سے یوکرین کے چار مقبوضہ علاقوں میں ریفرنڈم کا انعقاد غلط ہے اور یہ بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔
اسٹولٹن برگ نے اپنی ٹویٹ میں کہا میں نے زیلنسکی سے کہا ہے کہ ناٹو اتحادی یوکرین کی خودمختاری اور اس کے اپنے دفاع کے حق کی حمایت جاری رکھے گا۔ اسٹولٹن برگ نے مزید کہا کہ روس کی طرف سے منعقد جعلی ریفرنڈم جائز نہیں ہیں اور یہ بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ یہ علاقہ یوکرین کا ہے۔دوسری طرف منگل کے روز روس نے اعلا ن کیا کہ یوکرین کے علاقوں کے روس میں شامل ہونے پر رضامندی سے متعلق ریفرنڈم کے ابتدائی نتائج کو بڑی پیش رفت کہا جا سکتا ہے۔ روسی پارلیمان کے ایوان بالا کے سربراہ کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ وہ 4 اکتوبر کو ان علاقوں کو روس میں ضم کرنے پر غور کر سکتے ہیں۔کئیف نے کہا ہے کہ چار علاقوں میں روس سے الحاق کا ریفرنڈم اس کی فوج کی نقل و حرکت کے محاذ پر اثر مرتب نہیں کر ے گا۔
روسی خیر ایجنسیوں نے بتایا کہ روس کے انتخابی کمیشن کے مطابق یوکرین کے چار علاقوں کو مکمل یا جزوی روسی کنٹرول میں ضم کرنے کے متعلق ریفرنڈم کے ابتدائی نتائج ہاں کی شکل میں آئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق روسی انتخابی کمیشن نے کہا ہے کہ روس کے پولنگ سٹیشنوں میں سے 20 سے 27 فیصد تک ووٹوں کی گنتی کے بعد 97 سے 98 فیصد ووٹوں میں روس کی حمایت کردی گئی ہے۔یورپی یونین کے خارجہ پالیسی کے عہدیدار کے ترجمان نے بھی کہا ہے کہ یوکرین میں روس کے زیر اہتمام الحاق ریفرنڈم “غیر قانونی” ہے۔ پیٹر سٹیانو نے برسلز میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ غیر قانونی ریفرنڈم میں حصہ لینے والے تمام لوگوں پر پابندیاں عائد کی جائیں گی۔
تصویر سوشل میڈیا 