اسلام آباد: پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں افغان سرحد کے پار سے دہشت گردوں کی فائرنگ میں پانچ فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کرم میں افغانستان سے دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے ردِعمل میں بھرپور جوابی کارروائی کی گئی جس میں دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان ہوا۔تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی) نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ۔
ٹی ٹی پی کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں اس واقعے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا گیا کہ شدت پسندوں نے لوئر کرم میں تحصیل شورکو کے علاقے قمرخیل میں ایک ایف سی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔ یہ مقام افغان صوبے خوست کی سرحد پر واقع ہے جہاں تحریک طالبان پاکستان سرگرم ہے۔ہلاک شدگان کی شناخت 34 سالہ لانس نائیک عجب نور، 22 سالہ سپاہی ضیااللہ خان، 23 سالہ سپاہی ناہید اقبال، 18 سالہ سپاہی سمیر اللہ خان اور 27 سالہ سپاہی ساجد علی کے طور پر کی گئی ہے۔سرحد پار سے اس دہشت گردانہ کارروائی کی پاکستان نے شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے توقع ہے کہ نگراں افغان حکومت آئندہ پاکستان کے خلف اس قسم ی مزید سرگرمیوں کی اجازت نہیں دے گی۔
