پیرس:( اے یوایس) ترکی کے صدر رجب طیب اردغان کی جانب سے فرانسیسی صدر امنوئل مکرون کی ذہنی صحت سے متعلق سوال اٹھانے پر بطور احتجاج پیرس نے انقرہ سے اپنے سفیر کو مشورے کے لیے واپس بلوا لیا ہے۔
فرانس نے ترک صدر کے تبصرے کو ”ناقابل قبول“ قرار دیا ہے۔فرانسیسی صدر کے دفتر سے وابستہ ایک اہلکار نے خبر رساں ادارے ”اے ایف پی“ کو بتایا کہ صدر اردوغان کا تبصرہ ناقابل قبول ہے۔ یہ زیادتی اور بدتمیزی ہے ،بات کرنے کا یہ کوئی طریقہ نہیں ہے۔
ہم رجب اردوغان سے اپنی پالیسی بدلنے کا مطالبہ کرتے ہیں کیونکہ یہ ہر لحاظ سے خطرناک ہے۔“عہدیدار نے مزید بتایا کہ ترکی میں تعینات فرانسیسی سفیر کو اس معاملے پر مشاورت کے لیے پیرس واپس بلوایا جا رہا ہے۔
وہ صدر مکرون سے ملاقات میں اس معاملے پربات کریں گے۔صدر اردوغان نے اس سے قبل فرانسیسی صدر کو ان کی مسلمانوں کے حوالے سے پالیسی پر برا بھلا کہتے ہوئے امنوئل مکرون کو اپنے ”دماغی معائنے“ کا مشورہ دیا۔
یہاں یہ بات قابل ذکرہے کہ فرانس اور ترکی دونو ں ناٹو ممالک ہیں لیکن ان دونوں کے درمیان متعدد معاملات بشمول مشرقی بحیرہ روم، لیبیا، شام، اور آرمینیا و آذر بائیجان کے درمیان ناگورنو کارا باخ پر بڑھتی کشیدگی پر ٹکراو¿ ہے ۔
