ریاض:(اے یو ایس )اتوار کے روز مغربی سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ میں مہد الزہاب کے علاقے میں موسلادھار بارش کے باعث سڑکیں زیر آب ہوگئیں اور بڑے علاقے میں سیلابی کیفیت ہو گئی۔ فوٹو جرنلسٹ اسامہ الحربی کی طرف سے شائع کردہ کلپس نے شاندار اور ناقابل بیان مناظر کو دستاویزی شکل دی ہے۔الحربی کی جانب سے شائع کی گئی ایک ویڈیو میں شہر کے شمال میں واقع وادی الجریسیہ میں شدید بارش کے بعد ایک ٹرک سڑک کے کنارے پر الٹتا دکھائی دے رہا ہے۔
ویڈیو کلپ میں کئی گاڑیوں اور راہ گیروں کو بھی دکھایا گیا ہے جو وادی کے دونوں طرف کھڑے پانی میں پھنسے ٹرک کو بچانے کی کوشش میں ہیں۔سوشل میڈیا پر موسلا دھار بارش کے کلپس شائع ہوئے ہیں جس میں مناظر کو شاندار قرار دیا گیا ہے۔ صارفین نے دعا کی ہے کہ بارش اللہ کی رحمت ثابت ہو۔سعودی عرب کے نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی نے پیر کو اپنی موسمی رپورٹ میں توقع کی تھی کہ مہد الذھب کے علاقے میں گرج چمک کے ساتھ اولے پڑنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق نجران، جازان، عسیر، الباحہ، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، حائل، ریاض،القصیم اور مشرقی علاقوں کے شمالی حصوں میں بارش، گردوغبار اور بعض مقامات پرژالہ باری کی پیش گوئی تھی۔
دریں اثنا مملکت کے دارالخلافہ ریاض سے موصول اطلاع کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں سعودی عرب کی ایک ریتلی سڑک پر مردہ اونٹوں کا ریوڑ دکھایا گیا۔ ویڈیو میں پیش کیا گیا منظرعفیف گورنری میں پیش آیا جہاں گرج چمک کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے پانچ اونٹ ہلاک ہوگئے۔”سبق” اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ بارش اور بگولوں کےدوران اونٹوں پر بجلی گری۔ قابل ذکر ہے کہ عفیف اور مہد الذہب کے گورنریوں میں گذشتہ جمعرات سے وقفے وقفے سے بارشیں ہو رہی ہیں۔ سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے اس علاقے میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا الرٹ جاری کیا ہے۔
