لاہور(اے یو ایس ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی، مفادات اور جمہوریت کے لیے کسی سے بھی بات کرنے کے لیے تیار ہوں۔ ٹوئٹر پر جاری کردہ بیان میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے بات چیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی، مفادات اور جمہوریت کے لیے میں کسی قربانی سے گریز نہیں کروں گا اور اس ضمن میں کسی سے بھی بات کرنے کے لیے تیار ہوں اور اس جانب میں ہر قدم اٹھانے کے لیے تیار ہوں۔
قبل ازیں زمان پارک میں صحافیوں سے ملاقات کے دوران پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے 18 مارچ کو عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی حکمرانی اور عملدرآمد پر یقین رکھتا ہوں۔عمران خان نے کہا کہ میری گرفتاری عدالت میں پیش ہونے کے لیے نہیں مجھے مارنے کے لیے ہے،جب کہہ دیا تھا کہ عدالت پیش ہو رہا ہوں تو معلوم نہیں پھر سارا ڈراما کیوں رچایا جارہا ہے۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ یہ مجھے اس جگہ بلا رہے ہیں جس کے بارے میں مجھے سیکورٹی خدشات ہیں،عدالت میں پیش ہونے سے کبھی انکار نہیں کیا۔
تصویر سوشل میڈیا 