تہران (اے یو ایس )ایران نے کہا کہ پانچ امریکی قیدی جن کو ایک معاہدے کے تحت رہا کیاگیا کو امریکہ کے سپردگی کرنے میں دوماہ لگ سکیں گے۔ اس بات کا اعادہ ایران کے وزارت خارجہ کے ترجمان نے کیا ۔رواں ماہ کے شروع میں تہران اور واشنگٹن کے درمیان ایک معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت ایران میں قید پانچ امریکی شہریوں کو رہا کیا جائے گا جب کہ اس کے بدلے میں جنوبی کوریا میں منجمد ایرانی اثاثوں میں سے 6 بلین ڈالر کی رقم جاری کر دی جائے گی۔
جنوبی کوریا کے ذرائع ابلاغ نے پیر کے روز بتایا کہ جنوبی کوریا میں منجمد کیے جانے والے ایرانی اثاثے ایران منتقل کرنے کے لیے گزشتہ ہفتے سوئٹزرلینڈ کے مرکزی بینک میں منتقل کر دیے گئے تھے۔ایران نے کہا ہے کہ تبادلے کے اس معاہدے کے تحت واشنگٹن امریکی جیلوں سے کچھ ایرانیوں کو بھی رہا کرے گا۔ایران میں قید امریکیوں میں سے ایک قیدی کے وکیل نے بتایا ہے کہ ایران نے چار زیر حراست امریکی شہریوں کو تہران کی اوین جیل سے گھر میں نظربند رہنے کی اجازت دے دی ہے جب کہ پانچواں قیدی پہلے ہی سے گھر میں نظربند ہے۔