Islamabad police claim killing two suspects involved in F-9 park incidentتصویر سوشل میڈیا

اسلام آباد،(اے یو ایس)اسلام آباد پولیس نے ایف نائن پارک میں خاتون سے زیادتی کرنے والے ملزمان کو مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔وفاقی پولیس نے جمعرات کو ایک ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ پولیس ناکے پر دو مسلح موٹر سائیکل سوار افراد فائرنگ کے تبادلے کے دوران ہلاک ہو گئے ہیں۔پولیس نے دعویٰ کیا کہ گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران ملزمان نے فائرنگ کی اور جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دونوں ملزمان زخمی ہو گئے تھے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔اسلام آباد پولیس نے دعویٰ کیاکہ پولیس اور ملزمان کے فائرنگ کے تبادلے کے دوران حفاظتی اقدامات کی وجہ سے اہلکار محفوظ رہے۔اس سے قبل بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب اسلام آباد پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ ایف نائن پارک جنسی زیادتی واقعے میں ملوث ملزمان کا سیف سٹی کیمروں کے ذریعے سراغ لگالیا گیا ہے اور ان کی گرفتاری کی کوشش کی جارہی ہے۔

پولیس نے ایک فوٹیج بھی جاری کی جس میں میں ایک موٹر سائیکل پردو افراد سوار تھے جو پارک کے گیٹ سے گزرتے نظر آئے ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان واردات کے وقت مسلح بھی تھے۔ایف نائن پارک کیس سے متعلق گزشتہ روز سے اطلاعات سامنے آرہی تھیں کہ دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور اس بارے میں گزشتہ روز مقامی میڈیا پر بھی خبریں نشر ہوئیں۔ تاہم اسلام آباد پولیس نے میڈیا کو قیاس آرائیوں سے گریز کا مشورہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ پولیس نے ملزمان کا سراغ لگا لیا ہے۔اس بارے میں اسلام آباد کے مقامی صحافی نے سماجی رابطے کی سائٹ پر اپنے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ پولیس نے ملزمان کو تلاش کرنے کے بعد متاثرہ خاتون سے ان کی شناخت کروائی بعدازاں دونوں ملزمان کو وقوعہ بنا کر مقابلے میں ہلاک کر دیا۔وائس آف امریکہ نے اس بارے میں اسلام آباد پولیس سے رابطہ کرنے کی کوشش کی ہے لیکن اس خبر کی اشاعت تک پولیس حکام کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ ہلاک ملزمان کی شناخت نواب علی اور اقبال کے ناموں سے ہوئی ہے۔پولیس ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ دونوں ملزمان ریکارڈ یافتہ تھے، جن کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات بھی درج ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *