اسلام آباد،(اے یو ایس)پنجاب کے شہر چیچہ وطنی کے قریب کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت دو افراد جاں بحق اور آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔ریلوے حکام کے مطابق دھماکا اکانومی کلاس کی بوگی میں ہوا۔ ابھی تک اس دھماکے کی نوعیت معلوم نہیں ہوسکی۔
مقامی پولیس کے مطابق ٹرین میں دھماکا میاں چنوں کی حدود میں ہوا جبکہ ٹرین ڈرائیور نے چیچہ وطنی ریلوے اسٹیشن کے قریب بریک لگائی۔ ٹرین میں 850 مسافر سفر کر رہے تھے۔ریلوے حکام کے مطابق واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیاگیا ہے۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کے بعد ٹرین کی دیگر بوگیوں کو کلیئر قرار دے دیا گیا۔ریلوے حکام نے کہا کہ جعفر ایکسپریس کو چیچہ وطنی ریلوے سٹیشن پر روک لیا گیا۔ ترجمان ریلوے کے مطابق تحقیقاتی ٹیمیں دھماکے کی نوعیت کے بارے میں جائزہ لے رہی ہیں۔
تصویر سوشل میڈیا