اسلام آباد:(اے یوا یس ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کے حالیہ بیان کو فوج یا فوج کی قیادت سے جوڑنا درست نہیں ہے۔فواد چوہدری نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ عمران خان نے نواز شریف اور آصف زرداری کو ڈان لیکس اور میمو گیٹ کے تناظر میں سیکیورٹی رسک کہا ہے، ان کی جائیدادیں، بچے تمام تر مفادات ملک سے باہر ہیں۔ عمران خان نے اسی تناظر میں بات کی تھی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ عمران خان کی اداروں کو بدنام کرنے کی باتیں نئی سطح کو چھو رہی ہیں۔وزیر اعظم نے پیر کو ایک ٹویٹ میں کہا کہ عمران خان اب مسلح افواج اور اس کی قیادت پر کیچڑ اچھالنے سمیت زہریلے اور شر پسندانہ الزامات لگا رہے ہیں۔ ان کا مذموم ایجنڈا واضح ہے کہ وہ پاکستان کو تباہ اور کمزور کرنا چاہتے ہیں۔واضح رہے کہ عمران خان نے اتوار کو جلسے سے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری ایسا فوجی سربراہ لانا چاہتے ہیں جو ان کی کرپشن سے چشم پوشی کرے۔