کویت سٹی 🙁 اے یوایس) کویت کے امیر شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح نے بدھ کے روز ایک شاہی فرمان جاری کیا ہے۔
فرمان میں نیشنل گارڈز کے نائب سربراہ شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کو ملک کا ولی عہد مقرر کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
کویت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کونا کے مطابق آل صباح خاندان نے شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کو کویت کا ولی عہد بننے پر مبارک باد پیش کی ہے۔شیخ مشعل کویت کے امیر کے چھوٹے بھائی ہیں۔ وہ کویت کے دسویں حکمراں شیخ احمد الجابر الصباح کے ساتویں بیٹے ہیں۔
شیخ مشعل 1940 میں کویت میں پیدا ہوئے اور وہیں پروان چڑھے۔ بعد ازاں انہوں نے برطانیہ میں تعلیم حاصل کی اور 1960 میں ہینڈن پولیس کالج سے فارغ التحصیل ہوئے۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہوں نے کویت میں کئی سیکورٹی عہدے سنبھالے۔
اس طرح وہ ملک میں ایک اہم سیکورٹی شخصیت بن گئے اور میڈیا سے نسبتا دور رہے۔شیخ مشعل نے 1967 سے 1980 تک جنرل انویسٹی گیشن ڈائرکٹوریٹ کے سربراہ رہے۔ اسی دوران مذکورہ ادارے کا نام بدل کر ‘اسٹیٹ سیکورٹی’ کر دیا گیا اور ابھی تک یہ اسی نام سے کام کر رہا ہے۔
شیخ مشعل نے وزارت داخلہ میں متعدد ذمے داریاں سنبھالیں یہاں تک کہ وہ ترقی پا کر نیشنل گارڈز کے نائب سربراہ بن گئے۔ یہ عہدہ وزیر کے برابر ہے اور شیخ مشعل آج تک اسی عہدے پر فائز ہیں۔