طرابلس:(اے یو ایس ) لیبیا میں اعلیٰ قومی انتخابی کمیشن نے پیر کے روز اعلان میں بتایا کہ رواں ماہ کے آخر میں مقررہ صدارتی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت ختم ہو گیا ہے۔ میڈیا کے مطابق صدارتی انتخابات کے لیے 98 امیدواروں نے اپنی نامزدگی کے کاغذات جمع کرائے۔ امیدواران میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ کاغذات نامزدگی کی وصولی کا سلسلہ 8 نومبر کو شروع ہوا تھا۔ یہ دو ہفتے جاری رہنے کے بعد اتوارکی شام چار بجے اختتام پذیر ہو گیا۔انتخابی کمیشن منگل کے روز امیدواروں کی حتمی تعداد کا اعلان کرے گا۔
کاغذات نامزدگی جمع کرانے والی اہم اور نمایاں شخصیات میں لیبیا کے سابق سربراہ کرنل معمر قذافی کا بیٹا سیف الاسلام قذافی، لیبیا کی فوج کے سربراہ خلیفہ حفتر، عبوری حکومت کے سربراہ عبد الحمےد الدبےبہ اور پارلیمنٹ کے اسپیکر عقیلہ صالح شامل ہیں۔صدارتی انتخابات کے لیے صرف دو خواتین لیلیٰ بن خلیفہ اور ہنیدہ المہدی نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔دوسری جانب اب بھی ایسے حلقے ہیں جو صدارتی انتخابات کے اپنے مقررہ وقت پر اجرا کو مسترد کر رہے ہیں۔ بالخصوص جب کہ بہت سے لوگوں نے انتخابی قوانین کو مسترد کر دیا ہے جو ان کے خیال میں قانونی شکل میں منظور نہیں کیے گئے۔
اعلی ریاستی کونسل ملکی پارلیمنٹ کے دوسرے ایوان کی حیثیت رکھتا ہے۔ کونسل نے پارلیمنٹ کے اسپیکر پر الزام عائد کیا ہے کہ انتخابی قوانین کو کونسل سے مشاورت کے بغیر جاری کیا گیا۔ سیاسی سمجھوتا اس بات کا متقاضی ہے کہ ان قوانین کو بناتے ہوئے دونوں ایوانوں کی شرکت ضروری ہے۔لیبیا کی 70 لاکھ کی آبادی میں سے تقریبا 28.3 لاکھ شہری ووٹنگ کے لیے رجسٹرڈ ہیں۔