اسلام آباد: متحدہ حزب اختلاف نے مطالبہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ کی ایک لارجر بنچ سے حکومت کے غیر آئینی اقدام معاملہ کی سماعت کرائی جائے۔ اس سے قبل اتوار کو دن میں صدر مملکت عارف علوی نے تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لے حزب اختلاف کو اجازت نہ دینے کے ڈپٹی اسپیکر کے فیصلہ کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی سفارش پر قومی اسمبلی تحلیل کر دی تھی۔
متحدہ حزب اختلاف کے مشترکہ بیان کے مطابق عمران نیازی نے بے خوفی اور دلیری کے ساتھ کھلے عام ملک اور آئین کے خلاف بغاوت کی ہے اور آئین کے دفعہ 6 واضح طور پر اس کی سزا وہی ہوتی ہے جو ریاست سے غداری پر دی جاتی ہے۔ متحدہ حزب اختلاف نے اپنے بیان میں مزید امید ظاہر کی کہ عدالت عظمیٰ آئین کے مطابق قانون و انصاف کی روشنی فیصلہ صادر کرے گی۔
حزب اختلاف نے3اپریل کو پاکستانی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے آئینی ،جمہوری، قانونی اور سیاسی اقدار کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ حزب اختلاف نے قومی اسمبلی میں اپنی واضح اکثریت ثابت کر دی تھی اور یہ واضح کر دیا تھا ایوان زیریں میں اسے اکثریت حاصل ہے۔
