لاہور: وزیر اعظم میاں محمد شہباز نے مسئلہ کشمیر اٹھاتے ہوئے ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک مکتوب ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے ہندوستان اور پاکستان کی باہمی خوشحالی اور امن کے مفاد میں جموں و کشمیر کا تنازعہ کے تصفیہ کی بات کہی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے11اپریل کو شہباز شریف کو وزیر اعظم منتخب کیے جانے پر مبارکباد دیتے ہوئے خطہ میں، جو دہشت گردی سے پاک ہو، امن و استحکام کے لئے ہندوستان کی شدید خواہش کا اظہار کیا تھا تاکہ ہم ترقیاتی چیلنجوں پر اپنی توجہ مرکوز کر سکیں اور اپنے عوام کی خوشحالی اور بہبود کو یقینی بنا سکیں۔
جواباً شہباز شریف نے ان سے اظہا رتشکر اور ان کے اس جذبے کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھی ہندوستان کے ساتھ پر امن اور باہمی تعاون والے تعلقات کا خواہاں ہے لیکن اس کے لیے کشمیر تنازعہ کا تصفیہ ناگزیر ہے۔شہباز نے یہ بھی لکھا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں سے دنیا واقف ہے اور وہ اس کا اعتراف بھی کرتی ہے ۔ اتوار کو اپنے جواب میں، جس کی ایک نقل ڈان ڈاٹ کوم کے پاس بھی ہے ، شہباز نے مزید لکھا کہ پاکستان علاقائی امن و سلامتی برقرار رکھنے کا پابند عہد ہے۔
شہباز نے لکھا کہ ہم اس بات میں یقین رکھتے ہیں کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان پر امن اور باہمی تعاون کے جذبے سے سرشار تعلقات خطہ کے عوام کی ترقی، خوشحالی اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے لازمی ہیں اور یہ سب کچھ جموں و کشمیر جیسے مرکزی مسئلہ سمیت معرض التوا میں پڑے تمام تنازعات کو بامعنی مذاکرات اور پر امن طریقہ سے حل کر کے ہی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
تصویر سوشل میڈیا