اقوام متحدہ: ہندوستان نے پیر کو اقوام متحدہ میں کہا کہ یہ ضروری ہے کہ دنیا دہشت گردانہ سازشوں کے پیچھے کارفرما ان کے آقاؤں کو ان کی کرتوتوں کے لئے ذمہ دار ٹھہرائے اور انہیں خود کو دہشت گردی سے متاثرہ کے طور پر دکھا کر بین الاقوامی برادری کو گمراہ کرنے کا موقع نہ دیا جائے۔
انسداد دہشت گردی کمیٹی (سی ٹی سی ) میں انسداد دہشت گردی کمیٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹوریٹ (سی ٹی ای ڈی) پرجنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا کے رکن ممالک کے کام کاج پر ہندوستان کے قومی بیان ( سرکاری بیان ) میں اقوام متحدہ میں ہندوستان کے سفارت خانے کے کونسلر راجیش پریہار نے کہا کہ دنیا نے 2008 کے ممبئی دہشت گردانہ حملے، 2019 کے پٹھانکوٹ دہشت گردانہ حملے اور 2019 کے پلوامہ دہشت گردانہ حملوں کو دیکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بھی اتنا ہی ضروری ہے کہ ان دہشت گردانہ حملوں کے پس پشت کارفرما ذہنوں کا سراغ لگایا جائے اور انہیں خود کو دہشت گردی سے متاثرہ بتا کر عالمی برادری کو گمراہ کرنے کا موقع نہ دیا جائے۔ ہمیں ان کی دھمکیوں کی بنیاد پر ان کی کرتوتوں کے لئے ذمہ دار ٹھہرانا ہوگا۔ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ ان حملوں کے ماسٹر مائنڈ کہاں سے آتے ہیں۔افسوسناک بات ہے کہ ان بزدلانہ حملوں کے متاثرین کو ابھی تک انصاف نہیں ملا اور اس کے سازشی، ذمہ دار اور فنڈرز آزاد گھوم رہے ہیں اور انہیں ریاست کی حمایت اور میزبانی مل رہی ہے۔
