ریاض(اے یو ایس ) سعودی عرب کے سرکاری میڈیا کے مطابق مملکت اور ایران کے وزرائے خارجہ دونوں ممالک میں سفارت خانے اور قونصل خانے دوبارہ کھولنے کی راہ ہموار کرنے کے لیے جلد ملاقات کریں گے۔سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) نے بتایا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ان کے ایرانی ہم منصب حسین امیرعبداللہیان ایک فون کال کے دوران معاہدے پر پہنچے۔ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے جلد ملاقات پر بھی اتفاق کیا ہے۔سفارت کاروں نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی آمد پر ایک دوسرے کو مبارکباد بھی دی۔
سعودی عرب اور ایران نے 10 مارچ کو سفارتی تعلقات بحال کرنے اور برسوں کی کشیدگی کے بعد دو ماہ کے اندر اپنے سفارت خانے دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا تھا۔امیرعبداللہیان نے اتوار کو کہا تھا کہ ملاقات کے لیے تین مقامات تجویز کیے۔سعودی عرب اور ایران نے رواں ماہ کے شروع میں بیجنگ میں2016 سے منقطع تعلقات کو دوبارہ شروع کرنے اور دو ماہ کے اندر دونوں سفارت خانے دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا تھا۔ریاض نے اس بات کی تصدیق کی کہ یہ معاہدہ سفارتی تعلقات کی بحالی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔دونوں اطراف کی مشترکہ خواہش کے مطابق اختلافات کو بات چیت اور مکالمے کے ذریعے حل کرنا ہے۔معاہدے کے بعد تینوں ممالک کی جانب سے ایک سہ فریقی بیان جاری کیا گیا جس میں اس میں طے شدہ دفعات شامل تھیں جن میں ہر ملک کی خودمختاری کے احترام پر زور دیا گیا تھا۔