ریاض:(اے یو ایس)سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے فون پر بات کی اور روس اور یوکرین کے درمیان جاری لڑائی روکنے اور تنازع کا سفارتی حل تلاش کرنے پر زور دیا۔سعودی وزیر خارجہ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب روس کا یوکرین میں جاری فوجی آپریشن دسویں روز جاری ہے۔سعودی وزیر خارجہ اور ان کے روسی ہم منصب کے درمیان ہونے والی بات چیت میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ خطے اور دنیا کی تازہ ترین پیشرفت اور ان کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزراءنے یوکرین کے بحران سے متعلق تازہ ترین پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا جس میں سعودی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ اس بحران سے نمٹنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ دونوں فریقوں کے درمیان بات چیت کو مضبوط کیا جائے تاکہ ایک ایسے سیاسی حل تک پہنچا جا سکے جس سے اس خطے اور دنیا میں سلامتی اور استحکام حاصل ہو۔دونوں فریقین نے کئی علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر رابطہ کاری اور دوطرفہ کام کو تیز کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ان میں سرفہرست مشرق وسطیٰ میں سلامتی اور استحکام کو مضبوط بنانا اور خطے اور دنیا کے ممالک کی طرف سے امن کی بنیاد رکھنے کی کوششیں ہیں۔قبل ازیں یوکرین میں روسی فوجی آپریشن اپنے نویں دن میں داخل ہو رہا ہے۔ دوسری طرف عالمی سطح پر دونوں ملکوں کے درمیان مزید جنگ روکنے کے لیے ثالثی کی کوششیں بھی تیز ہوگئی ہیں۔ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن عبدالعزیز جو مملکت کے نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع بھی نے کل جمعرات کو روسی صدر ولادی میر پوتین سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔
سعودی پریس ایجنسی”ایس پی اے“ کے مطابق کال کے دوران انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔فون پر بات کرتے ہوئے سعودی ولی عہد نے بین الاقوامی بحرانوں پر بھی بات کی۔ یوکرین میں جاری لڑائی کے حوالے سے ولی عہد نے دونوں ملکوں کے درمیان ثالثی کی کوششوں کی پیش کش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب تنازع کے حل کے لیے بات چیت اور مذاکرات کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کی سلامتی اور خود مختاری کا احترام کریں اور جنگ روک کر تنازع کو بات چیت کے ذریعے حل کریں۔یہ پیش رفت سعودی عرب کے ولی عہد، نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کو جمعرات کو صدر ولادیمیر پوتین کی فون کال موصول ہونے کے بعد ہوئی، جس میں انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیاتھا۔
