لاہور:(اے یو ایس)ایک مقامی عدالت نے وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کیا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج حسنین اظہر شاہ نے نجی کمپنی سے دائر استغاثہ پر سماعت کے دوران شہباز گل کے خلاف گرفتاری کے حکم جاری کئے اور انہیں یکم نومبر کو ذاتی طور پرپیش ہونے کے لئے کہاگیا ہے ۔ وارنٹ گرفتاری قابل ضمانت ہے۔
البیرا کے کمپنی کی طرف سے ایک پٹیشن دائر کی گئی جس میں کہاگیا کہ شہباز گل نے ان کی کمپنی کے سلسلے میں ایک ٹی وی پروگرام کے دوران غلط بیانی کی۔انہوں نے کہا کہ شہباز گل نے کمپنی پر یہ الزام لگایا کہ میٹرو بس پروجیکٹ میں انہوں نے مسلم لیگ کے رہنما شہباز شریف کو رشوت دی جو سراسر جھوٹ ہے۔ اس سلسلے میں شہباز گل نے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا ہے۔شہباز گل پر اس الزام کے بعد کمپنی کو لاکھوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔