پشاور: پاکستان کے صوبہ سندھ کے حیدر آباد کے قریب واقع علاقے کوٹری میں ایک قدیم ہندو مندر ہنومان دیوی ماتا مندر میں نامعلوم چوروں نے دھاوا بول کرہزاروں روپے کے زیورات و نقدی لوٹ لی۔ سندھ پولیس نے مندر کے نگراں پجاری بھگوان داس کی تحریر پر نامعلوم چوروں کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
صوبہ سندھ کے وزیراعلی ٰکے دفتر نے بھی ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کو واقعے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ چور مندر کی چھت سے اندر داخل ہوئے جس کے بعد انہوں نے مورتیوں پر سجے ہار چوری کر لیے۔ تمام مجسمے شیشے کے فریموں میں رکھے گئے تھے۔پجاری نے بتایا کہ ہار کا وزن 10 تولہ سے زیادہ تھا۔چور مندر میں گھسے اور وہاں رکھی دیوی ، دیوتاو¿ں کی مورتیوں سے چاندی کے تین ہار اور عطیہ پیٹی میں پڑی نقدی لے گئے۔
کوٹری تھانے میں مجموعہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ295کے تحت درج ایک ایف آر میں بتایا گیا ہے کہ جمعرات کی شب دریائے سندھ کے ساحل پر واقع ہنومان دیوی مندر میں چور داخل ہوئے اور 20ہزار روپے نقد اور 40ہزار روپے مالیت کے دو ہار چوری کر کے فرار ہو گئے۔کوٹری کے کسی مندر میں چوری کی یہ کویہ پہلی واردات نہیں ہے ۔ اس سے پہلے گورو بالی ماک مندر سے بھی عطیہ پیٹی میں جمع ہزاروں روپے چوری ہو چکے ہیں۔