پشاور(اے یو ایس ) پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں نجی اسکول وین پر فائرنگ سے ایک طالبہ ہلاک جب کہ پانچ زخمی ہو گئی ہیں۔پولیس کے مطابق اسکول وین پر فائرنگ , گیٹ پر تعینات پولیس اہلکار نے کی جسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔سوات کے مرکزی تجارتی شہر مینگورہ سے تعلق رکھنے والے صحافی عیسی خانخیل نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ سنگوٹہ پبلک اسکول میں پیش آیا۔
سوات کے ضلعی پولیس افسر شفیع اللہ گنڈاپور نے صحافیوں کو بتایا کہ اسکول وین پر فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکار کا نام علم خان ہے۔ تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس نے اسکول وین پر فائرنگ کیوں کی۔صحافی عیسی خانخیل نے بتایا کہ فائرنگ کے فوری بعد مبینہ پولیس اہلکار کو ذہنی مریض بتایا گیا، تاہم بعدازاں پولیس اہلکاروں نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ پولیس اہلکار سے غلطی سے فائرنگ ہوئی۔زخمی طالبات کو سیدو شریف کے مرکزی ڈویڑنل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ڈاکٹروں نے بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی ہے۔
خیال رہے کہ سوات میں ہی 12 اکتوبر 2012 کو مینگورہ میں نامعلوم عسکریت پسندوں نے ایک اسکول وین پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجہ میں ملالہ یوسفزئی اور ان کی دو سہلیاں زخمی ہو گئی تھیں۔واقعے کے بعد ملالہ اور ا±ن کی دو سہیلیوں شازیہ اور کائنات کو علاج کے لیے لندن منتقل کیا گیا تھا۔
تصویر سوشل میڈیا 