تل ابیب (اے یو ایس ) اسرائیل نے غز ہ پر فضائی حملے کیے ہیں۔صہیونی فوج کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی سے اسرائیلی علاقے کی جانب راکٹ داغے جانے کے بعد غزہ میں فلسطینی دھڑوں کے مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔اسرائیلی حملوں میں شمال مغربی غزہ میں ”الشاطی“ پناہ گزین کیمپ کے قریب حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے “بدر” فوجی اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔ اسی طرح غزہ کی پٹی کے وسط میں ایک اڈے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔اس سے قبل غزہ کی پٹی اور اسرائیلی فوج کے عینی شاہدین کے مطابق غزہ سے اسرائیل کی طرف جمعرات کی علی الصبح کئی راکٹ داغے گئے ہیں۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ محصور پٹی سے اسرائیل کی جانب کم از کم 8 راکٹ فائر کیے گئے،۔ اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا اس نے پٹی سے داغے گئے 6 راکٹوں کا پتہ لگایا ہے جن میں سے 5 راکٹوں کو آئرن ڈوم ایئر ڈیفنس سسٹم نے روک دیا۔ چھٹا راکٹ غیر آباد علاقے میں گرا۔اسرائیلی ایمبولینس سروسز نے کہا کہ فلسطینی علاقے سے داغے گئے راکٹوں میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ ان راکٹوں کی وجہ سے صبح چار بجے کے قریب جنوبی اسرائیل کے دو شہروں سدیروت اور عسقلان میں سائرن بجائے گئے۔یاد رہے ایک روز قبل کو اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے شہر نابلس پر حملے کیے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے اس آپریشن میں ایک لڑکے سمیت 11 فلسطینی ہلاک اور 80 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ 2005 کی اسرائیلی در اندازی کے بعد اس حملے کو مغربی کنارے میں اب تک کا سب سے مہلک آپریشن کہا جا رہا ہے۔مےڈےا کے مطابق فلسطینی ایوان صدر نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی ہے اور کشیدگی میں خطرناک اضافے کا ذمہ دار اسرائیلی حکومت کو قرار دیا ہے۔ فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سکریٹری حسین الشیخ نے نابلس میں اسرائیلی کارروائی کو “قتل عام” قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے “فوری مداخلت” کا مطالبہ کیا ہے۔