اسلام آباد:پاکستان کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہاکہ پاکستان، ایران اور چین نے خطے میں انسداد دہشت گردی کے حوالے سے بدھ کے روز بیجنگ میں اپنا پہلا سہ فریقی اجلاس منعقد کیا۔ بیان کے مطابق اس اجلاس میں دہشت گردی کے خطرات، تینوں ممالک کے شریک نمائندوں نے اس ضمن میں اپنی گہری معلومات اور خطے میں دہشت گردی اور جنگجو گروپوں سے درپیش ممکنہ چیلنجز سے آگاہ کیا۔ انسداد دہشت گردی اور سلامتی سے متعلق سہ فریقی مشاورت کو ادارہ جاتی بنانے کا فیصلہ کیا گیا جس کے لیے مزید تفصیلات پر غور و خوض کیا جائے گا۔
وزارت خارجہ میں انسداد دہشت گردی کے ڈائریکٹر جنرل عبدالحمید نے پاکستان کی نمائندگی کی جبکہ چینی وزارت خارجہ کے شعبہ خارجہ سلامتی کے امور کے ڈائریکٹر جنرل بائی تیان نے میزبان چین کی اور ایرانی وزیر خارجہ کے معاون سید رسول موسوی نے ایران کی نمائندگی کی۔گزشتہ ماہ پاکستان نے اسلام آباد میں افغانستان اور چین کے ساتھ سہ فریقی مذاکراتی اجلاس کی میزبانی کی تھی جس کا مقصد باہمی دلچسپی کے امور بشمول سیاسی مصروفیات، انسداد دہشت گردی، تجارت اور رابطوں پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔
تصویر سوشل میڈیا