اقوام متحدہ:( اے یو ایس ) اقوام متحدہ میں امریکی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے سعودی عرب میں شہری انفراسٹرکچر پر حوثیوں کے حملے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے ٹویٹر پر کہا کہ امریکا مملکت اور خلیج کی سلامتی کے لیے اپنے عزم کی تجدید کر رہا ہے اور حوثیوں کو اقوام متحدہ کے ذریعے حساب دینے کے لیے اضافی آپشنز تلاش کرے گا۔اس سے قبل امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے العربیہ اور الحدث چینلز کو خصوصی بیان دیتے ہوئے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت کی تھی کیونکہ یہ عالمی معیشت کے لیے سنگین خطرہ” کی نمائندگی کرتے تھے۔امریکی صدر کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے اتوار کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم سعودی عرب میں بنیادی شہری ڈھانچے کے خلاف گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران میں حوثیوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہیں“۔ان حملوں میں مبیّنہ طورپرپانی کو مصفا کرنے کی تنصیبات کے علاوہ تیل اور قدرتی گیس کے بنیادی ڈھانچے کونشانہ بنایا گیا ہے۔
حوثی جنگجو یہ دہشت گرد حملے ایران کی مدد سے کرتے ہیں جو انھیں میزائل اور بغیرپائلٹ ڈرونز کے اجزا، تربیت اور مہارت مہیا کرتا ہے۔جیک سلیوان نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کی یہ سرگرمی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ان قراردادوں کی خلاف ورزی ہے جن میں یمن میں ہتھیاروں کی درآمد پرپابندی عاید کی گئی ہے۔انھوں نے مزید کہا:”سعودی عرب اور یمنی حکومت نے گذشتہ سال کے دوران میں جنگ بندی اورکشیدگی میں کمی کے لیے اقوام متحدہ کے متعدد مطالبات کی توثیق کی ہے مگرحوثیوں نے ان مطالبات کو مسترد کردیا ہے اور اس کے بجائے یمن میں نئی جارحیت اور دہشت گردانہ کارروائیوں کے ذریعے ان امن کوششوں کا جواب دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس کا ایک ثبوت گذشتہ رات سعودی عرب کے خلاف شروع کی گئی کارروائیاں ہیں۔اب وقت آ گیا ہے کہ اس جنگ کو اختتام تک پہنچائیں لیکن ایسا صرف اسی صورت میں ہوسکتا ہے جب حوثی اقوام متحدہ اور اس کے ایلچی کے ساتھ تعاون پررضامند ہوں کیونکہ وہ اس تنازع کو ختم کرنے کے لیے مرحلہ وارکام کررہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ امریکا یمن میں امن کوششوں کی مکمل پشت پناہی کررہا ہےاور ہم حوثی ملیشیا کے حملوں سے علاقے کے دفاع کے لیے اپنے شراکت داروں کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔ہم عالمی برادری سے بھی ایسے ہی اقدام کا مطالبہ کرتے ہیں۔اس سے قبل اتوار کے روز عرب اتحاد نے اعلان کیا تھا کہ سعودی عرب کی فضائی دفاعی افواج نے حوثی ملیشیا کے مملکت کے شہروں جازان، خمیس مشیط، طائف،اورالجنوب کی طرف داغے گئے نو ڈرونز کو روک کر تباہ کر دیا ہے۔ان حملوں کے بعد اتحاد نے مزید یہ اطلاع دی کہ حوثیوں نے جدہ میں آرامکو کی پیٹرولیم مصنوعات کے تقسیمی پلانٹ پر حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں ایک ٹینک میں”محدود آگ“لگ گئی اوراس پرجلد ہی قابو پالیا گیا ہے۔واقعے میں کوئی جانی نقصان ہواتھا اورنہ کوئی شخص زخمی ہوا ہے۔
