کابل: افغانستان کی طالبان قیادت والی امرات اسلامیہ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ملک کی تمام یونیورسٹیاں 2فروری سے دوبارہ کھول دی جائیں گی۔ اتوار کے روز وزارت برائے امور اعلیٰ تعلیم سے جاری بیان کے مطابق جن طلبا نے اپنا آخری سمسٹر ابھی تک مکمل نہیں کیا ہے انہیں تین ہفتہ تک تعلیم دی جائے گی اور ان صوبوں میں آئندہ تعلیمی سال اپریل کے اواخر میں شروع ہو گا۔
وزیر برائے امور اعلیٰ تعلیم عبدالباقی حقا نی نے کہا کہ آٓخری سمسٹر کے امتحانات سات جولائی کو شروع ہو کر اواخر ماہ تک جاری رہیں گے ۔ واضح ہو کہ حقانی کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب مغربی حکومتوں کی جانب سے طالبان سے کیے گئے بیشتر مطالبات میں سے ایک اہم مطالبہ یہ بھی ہے کہ وہ طالبات کو تعلیم کے حصول کی اجازت دیں۔
یاد رہے کہ اگست میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے افغانستان میں حکومتی یونیورسٹیاں تا حال بند ہیں۔اگرچہ بر سر اقتدار آنے کے ایک ماہ بعد طالبان نے ستمبر کے وسط میں نجی جامعات کھولنے اور مخلوط تعلیم کی اجازت تودی تھی لیکن اس کے ساتھ ہی یہ شرط بھی لگا دی تھی کلاس روم میں مر د و خواتین کے درمیان پردہ حائل رہے گا ۔ علاوہ ازیں طالبات کے لباس سے متعلق بھی پابندیاں عائد کر دی تھیں۔