رباط، مراکش :وسطی مراکش میں اتوار کو ایک بس حادثے میں جسے ملک میں حالیہ برسوں کے مہلک ترین حادثات میں سے ایک بتایا جارہا ہے، کم از کم 24 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ مراکش کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایم اے پی نے مقامی حکام کے حوالے سے بتایا کہ یہ حادثہ صوبہ ازیلال میں اس وقت پیش آیا جب ایک منی بس، جو مراکش سے تقریباً 70 میل جنوب مشرق میں واقع ایک چھوٹے قصبہ دمنات میں ہفتہ وار بازار جا رہی تھی، ایک موڑ کاٹتے ہوئے پلٹ گئی۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ریسکیو ٹیموں بشمول مراکش کے رائل جینڈرمیری اور سول پروٹیکشن کے عملے کو جائے حادثہ بھیج دیا گیا ہے۔ حکام نے حادثے کے اسباب جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ مراکش اور شمالی افریقا میں واقع دیگر ممالک کی سڑکوں پراکثرمہلک حادثات پیش آتے رہتے ہیں جس میں مراکش کا روڈ سیفٹی کا ریکارڈ نہایت خراب ہے۔
جہاں نیشنل روڈ سیفٹی ایجنسی کے مطابق سالانہ اوسطاً 3500 افراد سڑک حادثات میں ہلاک اور 12000 افراد زخمی ہوجاتے ہیں۔گزشتہ اگست میں کاسا بلانکا کے مشرق میں ایک بس حادثے میں 23 افراد ہلاک اور 36 دیگر زخمی ہو گئے تھے۔مارچ میں مراکش کے دیہی قصبے البراشوہ میں ایک منی بس ڈرائیور کے کنٹرول سے باہرہوکر ایک درخت سے ٹکرا گئی تھی جس میں 11 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ان میں زیادہ تر زرعی مزدور تھے۔ زیادہ تر غریب شہری دیہی علاقوں میں سفر کرنے کے لیے کوچ اور منی بسوں کا استعمال کرتے ہیں۔