لندن:(اے یوایس )برطانوی وزار ت دفاع نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر دعویٰ کیا ہے کہ روسی وزار ت دفاع کو یوکرین جنگ پر اندرون خانہ شدید تنقید کا سامنا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ روسی وزار ت دفاع پر یہ تنقید حالیہ دو ہفتوں میں میدانِ جنگ میں روسی افواج کو ہونے والی پسپائیوںکے تناظر میں کی جا رہی ہے۔روسی وزار ت دفاع پر تنقید کرنے والوں میں روس نواز چیچن لیڈر رمضان قدیروف، روسی پیرا ملٹری آرگنائزیشن ویگنر گروپ کے مالک، سرکاری میڈیا کے اینکرز، پاپ اسٹارز اور قوم پرست بلاگرز بھی شامل ہیں۔
برطانوی وزار ت دفاع کے مطابق تنقید کا محور سینئر سیاسی قیادت کے بجائے روسی فوجی قیادت ہے۔ لیکن یہ جزوی طور پر روسی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف عوامی سطح پر آواز اٹھانے کے رجحان کو ظاہر کرتی ہے جسے فی الحال روسی قیادت کی جانب سے برداشت کیا جا رہا ہے اور اس رائے کو بدلنا بظاہر مشکل دکھائی دے رہا ہے۔دریں اثنا روسی حکام کا کہنا ہے کہ کرائمیا کو روس کے ساتھ ملانے والے ریل اور ہائی وے پل پر ٹرک میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں سڑک کے ایک حصے کو نقصان پہنچا ہے۔
دھماکے کے باعث پل پر سے گزرنے والی مال گاڑی میں سات فیول ٹینکرز بھی آگ کی لپیٹ میں آ گئے۔کسی نے تاحال اس دھماکے کی ذمے داری قبول نہیں کی، تاہم یوکرینی صدر کے ایک مشیر نے تباہ شد پل کی تصویر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرائمیا کا پل، یہ آغاز ہے۔ ہر غیر قانونی چیز تباہ ہو گی۔ہر چوری ہونے والا مال یوکرین کو واپس ملے گا۔ روس کے زیرقبضہ ہر چیز کو واپس لیا جائے گا ۔
تصویر سوشل میڈیا