کابل: وزارت داخلہ کے ایک ترجمان کے مطابق وزارت داخلہ کی ایک مسجد میں بم دھماکہ ہوا جس میں کم از کم 4افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ترجمان عبد النفی تاکور نے بتایا کہ مسجد میں جس وقت دھماکہ ہوا اس میں وزارت داخلہ کے کچھ ملازمین اور عام شہری نماز ادا کر رہے تھے۔ایمرجنسی اسپتال نے ٹوئیٹ کیا کہ وزارت داخلہ کے دفتر میں واقع ایک مسجد میں دھماکے کے بعد 20زخمیوں کو اسپتال لایا گیا جن میں سے دو اسپتال الائے جانے سے پہلے ہی دم توڑ چکے تھے۔
واضح ہو کہ گذشتہ ہفتہ ہی کابل کے مغربی علاقے دشت برچی میں واقع ایک تعلیمی مرکز میں عین اس وقت جب وہاں سیکڑوں طلبا یونیورسٹی میں داخلے کے لیے امتحان کی تیاری کر رہے تھے ایک خودکش بمبار نے خود کو دھماکہ کر کے اڑا لیا تھا جس میں35افراد ہلاک ہو گئے۔اگرچہ ابھی تک کسی تنظیم نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن اب تک کے اکثر دھماکوں کی ذمہ داری چونکہ دولت اسلامیہ فی العراق و الشام (داعش) قبول کرتی رہی ہے اس لیے اس کا بھی اسی پر شک کیا جا رہا ہے۔
