نئی دہلی:(اے یوایس) برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن آئندہ ہفتے ہندوستان کا دورہ کریں گے اور نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے۔ ڈاؤننگ اسٹریٹ نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔ڈا¶ننگ اسٹریٹ نے کہا یہ دورہ 21 اپریل کو احمد آباد میں سرکردہ تاجروں سے ملنے اور برطانیہ اور ہندوستان کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی، اور عوام سے عوام کے تعلقات پر بات چیت سے شروع ہوگا۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب کوئی برطانوی وزیر اعظم گجرات کا دورہ کرے گا۔مسٹر جانسن سے توقع ہے کہ وہ گجرات میں سائنس، صحت اور ٹیکنالوجی کے منصوبوں کے ساتھ ساتھ برطانیہ اور ہندوستان میں کلیدی صنعتوں میں بڑی سرمایہ کاری کا اعلان کریں گے۔اس کے بعد وزیر اعظم مسٹر جانسن 22 اپریل کو نئی دہلی میں وزیر اعظم مسٹر مودی سے ملاقات کریں گے۔
دونوں رہنما برطانیہ اور ہندوستان کی دفاعی، سفارتی اور اقتصادی شراکت داری پر گہرائی سے بات چیت کریں گے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان قریبی شراکت داری کو مضبوط بنانا اور ہند-بحرالکاہل کے خطے میں سیکورٹی تعاون کو آگے بڑھانا ہے۔برطانیہ کی حکومت کے مطابق، مسٹر جانسن اپنے دورہ ہندوستان کے دوران آزاد تجارتی معاہدے پر بات چیت کو آگے بڑھائیں گے، جس سے 2035 تک دو طرفہ تجارت میں سالانہ 28 بلین پاؤنڈ (36.5 بلین ڈالر) اضافے کی توقع ہے۔مسٹر جانسن نے اتوار کو کہا، ”میرا دورہ ہندوستان ان شعبوں کو تیز کرے گا جو دونوں ممالک کے لوگوں کے لیے واقعی اہمیت رکھتے ہیں، روزگار کی تخلیق اور اقتصادی ترقی سے لے کر توانائی کی حفاظت اور دفاع تک۔قابل ذکر ہے کہ برطانیہ اور ہندوستان نے جنوری میں باضابطہ طور پر آزاد تجارتی معاہدے کی بات چیت شروع کی تھی۔ دونوں ممالک نے گزشتہ سال مئی میں مسٹر مودی اور مسٹر جانسن کے ذریعہ اعلان کردہ اسٹریٹجک پلان کے تحت 2030 تک دو طرفہ تجارت کو دوگنا کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
