نئی دہلی: (اے یوایس)چین کے ساتھ جاری کشیدگی کے درمیان ہندوستانی فوج نے شمالی اور مشرقی کمان میں کچھ ردو بدل کر کے نئے کمانڈر کا تقرر کیا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ شمالی اور مشرقی کمان چین سے متصل سرحد کی حفاظت کے لیے تعینات ہے۔ بھارت اور چین کے درمیان تقریباً 21 ماہ سے کشیدگی چل رہی ہے۔ اس دوران دونوں فریق کے درمیان فوجی سطح کے مذاکرات کے 41 دور بھی ہو چکے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی نے منگل کو ادھم پور میں فوج کی شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف کا عہدہ سنبھال لیا۔ لیفٹیننٹ جنرل دویدی نے پیر کو لیفٹیننٹ جنرل یوگیش کمار جوشی کے ریٹائرڈ ہونے کے بعد یہ عہدہ سنبھالا۔ 40 سال کے اپنے شاندار کیریئر میں لیفٹیننٹ جنرل جوشی نے ہندوستانی فوج میں کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ اسی وقت، لیفٹیننٹ جنرل آر پی کلیتا نے کولکاتہ میں واقع مشرقی کمان کا چارج سنبھال لیا ہے۔
دویدی اور کلیتا دونوں فوجی کمانڈر بنائے جانے سے پہلے آرمی ہیڈکوارٹر میں ڈپٹی چیف تھے۔ جموں میں فوج کے تعلقات عامہ کے افسر لیفٹیننٹ کرنل دیویندر آنند نے بتایا کہ شمالی کمان کا چارج سنبھالنے کے بعد جنرل آفیسر نے شمالی کمان کے شہید فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور دھرو وار میموریل پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس کے بعد انہوں نے تمام فوجیوں کو مبارکباد دی اور اپنے پیشرو اور شمالی کمان کے تمام سپاہیوں کے شاندار کام کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
تصویر سوشل میڈیا 