ECP suspends Punjab Govt free electricity scheme until Punjab province by-pollsتصویر سوشل میڈیا

لاہور: (اے یو ایس ) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے حکومت پنجاب کی جانب سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کو مفت یونٹس فراہم کرنے کا روشن گھرانہ پروگرام 17 جولائی تک معطل کردیا۔خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی جانب سے کم آمدن والے گھرانوں کے لیے 100 یونٹ تک مفت بجلی کا اعلان کیا گیا تھا جس کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا تھاضمنی انتخابات سے متعلق ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے سماعت کی جس میں حمزہ شہباز کے وکیل خالد اسحٰق پیش ہوئے۔حمزہ شہباز کے وکیل نے الیکشن کمیشن میں جواب جمع کرا دیا جس میں کہا گیا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے جس پروگرام کا اعلان کیا ان کا تعلق ضمنی انتخابات والے حلقوں سے نہیں ہے بلکہ پنجاب حکومت کے پروگرام کا بجٹ میں اعلان کیا گیا تھا۔

الیکشن کمیشن کے رکن سندھ ناصر درانی نے کہا کہ جب آپ الیکشن مہم کے اندر ایسے اعلانات کریں گے تو اس کو اثر انداز ہونے کی کوشش ہی سمجھا جائے گا۔جس پر وکیل نے کہا کہ اگر ہم نے الیکشن پر اثر انداز ہونا ہوتا تو کبھی بھی پٹرول کی قیمتیں نہ بڑھاتے۔رکن سندھ نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتیں بڑھانا تو صوبائی حکومت کا اختیار نہیں ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ اگر آپ نے پروگرام کا بجٹ میں اعلان کردیا تھا تو دوبارہ اعلان کی کیا ضرورت تھی۔وکیل نے بتایا کہ اس پروگرام کا اعلان 50 اور 100 یونٹس والوں کے لیے کیا ہے کیونکہ مہنگائی میں اضافہ ہوا۔

ای سی پی کے ڈائریکٹر جنرل لا محمد ارشد نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا کام تمام جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ مہیا کرنا ہے، پنجاب حکومت کے پروگرام کا اعلان ضمنی انتخاب پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے، ضمنی انتخاب میں 10 روز رہ گئے ہیں، اس لیے اس پروگرام کو روکا جائے۔وکیل حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب حکومت کے پروگرام کا فائدہ صارفین کو اگست میں ملے گا۔تاہم چیف الیکشن کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ ہمارا کام تمام جماعتوں کو لیول پلئینگ فیلڈ مہیا کرنا ہے، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قانون کے تحت ایکشن ہوگا، ضمنی انتخاب تک ترقیاتی پروگرام کا اعلان نہیں ہونا چاہیے۔بعدازاں الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کا روشن گھرانہ پروگرام 17 جولائی تک معطل کردیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *