نئی دہلی: (اے یوایس) ہالی ووڈ اداکارہ گیل گیڈوٹ انسٹاگرام پر کچھ تصویریں شیئر کی ہیں جن میں شاہین باغ کی بلقیس دادی کی تصویر بھی شامل ہے۔ انھوں نے مستقبل میں بلقیس دادی سے ملاقات کی خواہش کا بھی اظہار کیا ہے۔شاہین باغ کا مظاہرہ بھلے ہی کورونا وبا کے سبب بند ہو گیا ہو، لیکن شاہین باغ کی دادی یعنی بلقیس دادی کی شہرت دن بہ دن بڑھتی ہی جا رہی ہے۔
عالمی سطح پر اپنی شناخت بنا چکی بلقیس دادی کی اب ہالی ووڈ اداکارہ اور انگریزی فلم ‘وَنڈر وومن 84’ کا مرکزی کردار نبھانے والی گیل گیڈوٹ نے تعریف کی ہے۔ سال 2020 کو الوداع کہتے ہوئے گیڈوٹ نے اپنے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ ڈالا ہے جس میں بلقیس دادی کو ‘وَنڈر وومن’ قرار دیا ہے۔دراصل گیل گیڈوٹ نے 2020 کو الوداع کہنے کے لیے ایک دلچسپ طریقہ اختیار کیا اور اس سال گزارے گئے کچھ یادگار لمحوں کی تصویر شیئر کر 2021 میں انٹری کرنے کا منصوبہ بنایا۔
اس طرح گیڈوٹ نے اپنی زندگی کی کچھ اہم خواتین کی تصویریں شیئر کرتے ہوئے انھیں وَنڈر وومن ٹھہرایا۔ ان کی اس فہرست میں شاہین باغ کی بلقیس دادی بھی شامل ہیں۔ ان تصویروں کو شیئر کرتے ہوئے گیڈوٹ نے ہیش ٹیگ مائی پرسنل وَنڈر وومن کا استعمال کیا ہے۔تصویروں کو شیئر کرتے ہوئے گیل گیڈوٹ نے لکھا ہے ”2020 کو الوداع کہتے ہوئے میری پرسنل وَنڈر وومن کو میرا ڈھیر سارا پیار۔ اس میں سے کچھ میری قریبی ہیں جو میری فیملی، میری دوست ہییں۔
کچھ قابل ترغیب خواتین ہیں، جن کے بارے میں مجھے جان کر اچھا لگا۔ اور کچھ وہ خواتین ہیں جن سے میں مستقبل میں ملنے کی امید رکھتی ہوں۔ ہم ساتھ مل کر بہترین کام کر سکتے ہیں۔” گیڈوٹ کے ذریعہ شیئر کی گئی تصویروں کو دیکھ کر صاف ظاہر ہوتا ہے کہ شاہین باغ کی بلقیس دادی کا شمار انھوں نے ایسی خواتین میں کیا ہے جن سے وہ مستقبل میں ملاقات کرنا چاہتی ہیں۔