نئی دہلی: یوم پاکستان کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی کے تہنیتی پیغام کے جواب میں ان کے پاکستانی ہم منصب عمران خان نے کہا ہے کہ ان کا ملک بھی پر امن اور تعاون باہمی تعلقات کا خواہاں ہے۔وزیر اعظم مودی نے 23مارچ کو عمران خان کو مکتوب ارسال کیا تھا جس میں انہوں نے یوم پاکستان کے موقع پر ہمسایہ ملک کو مبارکباد دی تھی۔
اپنے مراسلہ میں مودی نے کہا کہ ہندوستان پاکستان کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتا ہے اور اس کا خاص طور پر ذکر کیا کہ تعلقات میں بہتری اور خوشگواری لانے کے لیے دہشت گردی سے پاک ایک ماحول ہونا ضروری ہے۔
وزیر اعظم مودی کے پیغام مبارکباد پر اظہار تشکر کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے عوام بھی اپنے تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ پر امن اور امداد باہمی تعلقات کے متمنی ہیں۔تاہم خان نے یہ بھی کہا کہ جنوب ایشیا میں پائیدار امن کا دارومدار معرض التوا میں پڑے معاملات خاص طور پر جموں و کشمیر تنازعہ کے پر امن تصفیہ پر ہے۔
پاکستانی وزیر اعظم نے کوویڈ19-وبا پر قابو پانے کے لیے ہندوستانی مساعی پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔واضھ ہو کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان حال ہی میں فائر بندی معاہدہ ہوا ہے جس سے دو طرفہ تعلقات میں شیرینی آنے کی امیدیں جاگ گئی ہیں۔