نئی دہلی: کورونا وبا نے ایک بار ملک کی مختلف ریاستوں کو گرفت میں لے کر ایک بار پھر قہر ڈھانا شروع کردیا ہے۔اور ملک میں کورونا وائرس کے نئے معاملے تیزی سے بڑھنے لگے ہیں اس کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی کی میعاد میں توسیع کر دی ہے اور اسے بڑھا کر 30 اپریل 2021 کردی گئی ہے۔ ابھی تک یہ پابندی 31 مارچ تک تھی لیکن اب اسے ایک ماہ کے لیے مزید بڑھادیاگیا ہے۔
تاہم یہ پابندی مال بردار طیارے اور ڈائریکٹوریٹ جنر ل آف سول ایویشن کی اجازت سے چلائے جارہے طیارے اس پابندی سے مستثنیٰ رہیں گے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوایشن کے ذریعے جاری نوٹیفکیشن میں کہاگیا ہے کہ پروازوں پر پابندی کےلیے 26 جون 2020 کو جاری حکم پر معمولی تبدیلی کرتے ہوئے اس عائد پابندی کو 30 اپریل تک کےلیے بڑھادی گئی ہے۔لیکن ایر ببل معاہدے کے تحت چلائی جانے والی پروازوں پر کوئی پابندی نہیںہوگی وہ حسب معمول جاری رہیں گی۔
یہ معاہدہ فی الحال تقریباً27ملکوں کے ساتھ ہے جن میں افغانستان، بحرین، بنگلہ دیش،بھوٹان،کناڈا، ایتھوپیا، فرانس، جرمنی، عراق، جاپان، کینیا، کویت، مالدیپ، نیپال، ہالینڈ، نائجیریا، عمان، قطر، رواندا، سیشلز، تنزانیہ، یوکرین، یو اے ای، یو کے ،ازبکستان اور امریکہ ہے۔