کھٹمنڈو: ہندوستان نے اتوار کو نیپال کو 75 ایمبولینس اور 17 اسکول بسیں تحفے میں دی ہیں۔ ہندوستان نے یہ تحفہ پڑوسی ملک کو دونوں ممالک کے درمیان ‘مضبوط اور لمبے وقت سے ‘ چلی آرہی ترقیاتی شراکت داری اور نیپال کو صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اپنے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں مدد کرنے کی کوششوں کے تحت پیش کیا۔ ہندوستان کے نئے سفیر نوین سریواستو نے نیپال کے تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر دیویندر پوڈیل کی موجودگی میں گاڑیوں کی چابیاں حوالے کیں۔ ہندوستانی سفارت خانے نے کہا کہ 75 ایمبولینسوں کا تحفہ ہندوستان کی آزادی کے 75 سال کا بھی نشان ہے۔
سریواستو نے کہا کہ ایمبولینس اور اسکول بسوں کا تحفہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط ترقیاتی شراکت داری کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہل نیپال۔انڈیا ڈیولپمنٹ پارٹنرشپ پروگرام کے تحت حکومت ہند کی لمبے وقت سے چلی آرہی روایات میں سے ایک رہی ہے تاکہ حکومت نیپال کی صحت اور تعلیم میں اپنے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی کوششوں کو فروغ دیا جاسکے۔ پوڈیل نے نیپال میں ہندوستان کے مختلف جاری ترقیاتی پروجیکٹوں کی تعریف کی اور کہا کہ یہ پہل عوام سے عوام کے تعلقات کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے جاری رکھے گی۔
ہندوستانی سفارت خانے نے بتایا کہ نیپال کے مختلف اضلاع میں صحت اور تعلیم کے میدان میں کام کرنے والی 75 ایمبولینس اور 17 اسکول بسیں مختلف سرکاری محکموں اور این جی اوز کے حوالے کی جائیں گی۔ ہندوستان نے 2021 میں نیپال کو کوویڈ- 19 وبائی مرض سے نمٹنے میں مدد کرنے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر وینٹی لیٹرز سے لیس 39 ایمبولینسیں تحفے میں دیں۔ اسی طرح، 2020 میں، ہندوستان نے مہاتما گاندھی کے 151 ویں یوم پیدائش کے موقع پر نیپال کو 41 ایمبولینسیں اور 6 اسکول بسیں تحفے میں دی تھیں۔