نئی دہلی: (اے یوایس)کویت میں ہندوستانی سفیر سبی جارج نے کویت کے پہلے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ شیخ احمد نواف الاحمد الصباح سے ملاقات کی اور مختلف امور پر ہمہ پہلو تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران دونوں رہبنماوں نے دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں اور کویت میں ہندوستانی تارکین وطن سے متعلق معاملات پر تفصیل سے بات چیت کی۔
واضح رہے کہ حال میں بی جے پی کی قومی ترجمان نوپور شرما نے پیغمبر اسلام کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا جس کے خلاف کویت نے شدید ردعمل ظاہر کیا تھا ۔
کویت ٹائمز کی خبر کے مطابق کویتی پارلیمنٹ کے 50 میں سے 30 ارکان پارلیمنٹ نے اپنے دستخطوں سے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں ہندوستان میں احتجاج کرنے والے مسلمانوں پر پولیس کارروائی کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ ارکان پارلیمنٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ ہندوستان پولیس پیغمبر اسلام کے خلاف نازیبا تبصرے پر پرامن احتجاج کرنے والے مسلمانوں پر تشدد کرنے کی مرتکب ہوئی ہے۔
