ڈبلن: آئرلینڈ کے سابق نائب وزیر اعظم اور فائن گیل پارٹی کے رہنما لیو وراڈکر کو آئرش پارلیمنٹ کے ایوان زیریں میں ووٹنگ کے بعد آئرلینڈ کا نیا وزیر اعظم منتخب کر لیا گیا ہے۔ہفتے کے روز ہونے والی ووٹنگ میں ایوان کے کل 87 ارکان نے نئے وزیراعظم کے طور پر ان کی نامزدگی کے حق میں ووٹ دیا جبکہ 62 نے مخالفت میں ووٹ دیا۔
آئرش صدر مائیکل ڈی ہگنس کے ذریعہ نئے وزیر اعظم کے طور پر اپنی تقرری کے بعد، وراڈکر نے کابینہ میں ردوبدل کا اعلان کیا۔کابینہ کی فہرست کے مطابق آئرلینڈ کے سابق وزیر اعظم اور فیانا فیل کے رہنما مائیکل مارٹن نئے نائب وزیر اعظم اور خارجہ امور اور دفاع کے وزیر بنیں گے، جب کہ سابق وزیر خارجہ اور وزیر دفاع سائمن کوونی انٹرپرائز، تجارت اور روزگار کے وزیر ہوں گے۔
اسی طرح سابق وزیر خزانہ پاسچل ڈونوہو عوامی اخراجات اور اصلاحات کے وزیر ہوں گے جبکہ سابق عوامی اخراجات اور اصلاحات کے وزیرمائیکل میک گرا تھ نئے وزیر خزانہ کے طور پر ڈونوہو کی جگہ لیں گے۔واضح ہو کہ انگلستان کے وزیر اعظم رشی سونک کے بعد وارڈکر کسی یورپی ملک کے وزیر اعظم کے عہدے پر فائز ہونے والے دوسرے ہند نژاد ہیں۔