تہران: ( اے یو ایس ) ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کے فضائی یونٹ کا ایک جنگجو کار حادثے میں ہلاک ہوگیا ہے۔اس وقت وہ خمینی شہر میں ایک مشن پرتھا۔ایران کے نیم سرکاری خبررساں ادارے تسنیم نے اتوار کے روزخبردی ہے کہ اہلکار علی کمانی،جن کی شناخت ایرو اسپیس یونٹ کے جنگجو کے طورپرکی گئی ہے، دارالحکومت تہران کے جنوب مغرب میں واقع خمینی شہر میں ایک کار حادثے میں جان بحق ہو گئے ہیں۔
رپورٹ میں انھیں ایک ”شہید“قراردیا گیا ہے جنہوں نے مشن کے دوران وطن کا دفاع کرتے جام شہادت نوش کر لیا۔رپورٹ میں مزید تفصیل فراہم نہیں کی گئی کہ ان کے اس”مشن“کی نوعیت کیا تھی یا”کارحادثہ“کیسے پیش آیا ہے اور اس کی کیا وجہ بنی ہے؟علی کمانی کی موت ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب کے کرنل صیّادخدائی کے قتل کے تین ہفتے کے بعد ہوئی ہے۔کرنل خدائی کو 22مئی کو تہران میں موٹرسائیکل پرسواردو حملہ آوروں نے گولی مارکر ہلاک کردیا تھا۔اس وقت وہ اپنی کارمیں سوار تھے اور کہیں جارہے تھے۔
ایرانی صدرابراہیم رئیسی نے صیّاد خدائی کی موت کا بدلہ لینے کا اعلان کیا تھااور ایرانی حکام نے اسرائیل کو اس قاتلانہ حملے کا مجرم قراردیا تھا۔ایرانی ذرائع ابلاغ نے اس وقت خبردی تھی کہ پاسداران انقلاب نے اسرائیلی انٹیلی جنس سروس نیٹ ورک کے ارکان کوگرفتارکرلیا ہے لیکن ان کی گرفتاری کی مزید تفصیل جاری نہیں کی گئی تھی۔نیویارک ٹائمزنے چندروزقبل ایک رپورٹ میں اسرائیلی انٹیلی جنس کے ایک عہدہ دار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل نے امریکی حکام کوایک مراسلت میں آگاہ کیا ہے کہ ایرانی کرنل خدائی کے قتل کے پیچھے اس کا ہاتھ کارفرما تھا۔
