تہران:(اے یوایس) ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق ملک کے خارجہ امور کے وزیر محمد جواد ظریف کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد صحتیاب ہوچکے ہیں۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایرنا نے وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادے کے حوالے سے بتایا کہ جواد ظریف میں ایک ٹسٹ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی لیکن اس کے بعد دو بار جانچ کی گئی تو رپورٹ منفی آئی۔
ترجمان نے اس موقع پر یہ وضاحت نہیں دی کہ جواد ظریف کے کرونا ٹیسٹ کب لئے گئے اور ان کے مثبت کرونا ریزلٹ کو سامنے کیوں نہیں لایا گیا۔رواں سال ماہ فروری سے ہی متعدد ایرانی سرکاری عہدیداران کرونا وائرس میں مبتلاءہو کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
ابھی پچھلے ہفتے ہی ایران کی پارلیمان کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کو کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔مشرق وسطیٰ میں کرونا وائرس کے سبب سب سے مشکل صورتحال ایران ہی میں دیکھنے میں آئی ہے۔
ایرانی حکومت کے مطابق وائرس سے 6 لاکھ 20 ہزار 491 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 35 ہزار 298 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ گنوا بیٹھے ہیں۔
