Israel arrested 15 Palestinians from Ramallahتصویر سوشل میڈیا

رملہ(اے یو ایس ) فلسطینی ذرائع نے پیر کو اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے میں رام اللہ کے مشرق میں واقع المغیر گاؤں سے 15 شہریوں کو گرفتار کر لیا۔فلسطینی نیوز اینڈ انفارمیشن ایجنسی (وفا) نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ قابض اسرائیلی فوج نے گاؤں کے دو مرکزی داخلی راستوں کو بند کردیا اور شہریوں کو گاؤں داخل ہونے یا یہاں سے نکلنے سے روک دیا ہے۔ اسرائیلی فوج گاؤں کے لوگوں کو اپنے کام کے مقامات تک پہنچنے کے لیے کچی سڑکوں پر جانے پر مجبور کر رہی ہے۔ یہ خطرناک راستے ایسے ہیں جنہیں صرف چار پہیوں والی گاڑیوں سے ہی عبور کیا جا سکتا ہے۔

گاؤں کی کونسل کے سربراہ امین ابو علیا نے کہا کہ گاؤں کا مشرقی دروازہ مکمل طور پر بند ہے اور قابض فوج روزانہ کی بنیاد پر صبح ساڑھے چھ سے دوپہر دو بجے کے درمیان مغربی دروازے کو بھی بند کر دیتی ہے۔اسرائیلی افواج نے گاؤں کے دو داخلی راستوں کو مسلسل 19 دنوں تک بند کیے رکھا۔ پھر جمعرات کو مغربی دروازے کو کھول دیا اور مشرقی دروازے کو بند رکھا۔دوسری طرف القدس میں اسلامی اوقاف کے محکمے نے اطلاع دی ہے کہ آج صبح درجنوں انتہا پسند آباد کاروں نے اسرائیلی پولیس اہلکاروں کے جھرمٹ میں مغربی گیٹ کی جانب سے قبلہ اول مسجد اقصیٰ پر دھاوا بول دیا۔

یہودی آباد کاروں نے مسجد کے صحنوں میں اشتعال انگیز دورے کیے اور باب الرحمہ کے علاقے میں تلمودی رسمیں ادا کیں۔فلسطینی پریس ایجنسی (صفا) کے مطابق پیر کی صبح سے ہی قابض پولیس نے شدت پسندوں کی دراندازی کو محفوظ بنانے کے لیے مسجد اقصیٰ کے صحنوں اور اس کے دروازوں پر اپنی سپیشل فورسز اور یونٹس کو تعینات کردیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *