یروشلم:(اے یو ایس)اسرائیلی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ اس نے بیت المقدس کے مشرقی حصے میں فلسطینی تنظیم حماس کے پرچم تلے سرگرم ایک سیل کا پردہ فاش کر کے اس کے کئی ارکان کو جنہوں نے کئی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی گرفتار کر لیا۔اسرائیلی پولیس کے مطابق اس نے اور اسرائیلی جنرل سیکورٹی ادارے ”شاباک“ نے اس سیل سے تعلق کے شبہ میں جن لوگوں کو گرفتار کیا ہے اس نے اسرائیلی اہداف اور شخصیات کو ، بشمول پارلیمنٹ کے رکن ایتمار بن غفیر کو گولی کا نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رکھی ۔
بن غفیر اسرائیلی پارلیمنٹ میں مذہبی صہیونی پارٹی کے رکن ہیں اور اپنے سخت گیر مواقف کے سبب شہرت رکھتے ہیں۔ وہ اسرائیل سے عربوں کی جبری ہجرت کا مطالبہ کرتے ہیں۔پولیس کے مطابق مذکورہ فلسطینی سیل کے ایک رکن نے ڈرون طیارہ خریدا۔ وہ بیت المقدس میں لائٹ ٹرین کو حملے کا نشانہ بنانا چاہتا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ سیل کے ارکان نے حملوں کے بعد مغربی کنارے میں الخلیل یا جنین شہر میں روپوش ہونے کی منصوبہ بندی کی تھی۔سیل کے افراد کے خلاف جلد استغاثہ کی جانب سے الزامات کی فہرست پیش کی جائے گی۔
