پشاور:(اے یوایس)خیبرپختوانخواہ کے بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں جمعیة علمائے اسلام نے حکمراں تحریک انصاف پارٹی پر سبقت حاصل کرلی ہے اور کئی تحصیل کاؤنسل کے چیئرمین عہدوں پر ان کے امیدوار منتخب ہوئے۔19تحصیلوں میں دوبارہ انتخابات ہونے کے بعد جمعیة علمائے اسلام نے چار نشستوں پر قبضہ کیا جب کہ حکمراں جماعت نے تین اور آزاد امیدواروں نے بھی تین سیٹوں پر قبضہ کیا۔ڈیرہ اسماعیل خان کے میئر کے عہدے کے لیے حکمران پارٹی کے عمر امین بن گنڈاپور کامیاب ہوئے ، جب کہ باجور کے تحصیل سے آزاد امیدوار نجیب اللہ خان نے جیت رقم کی۔ پشاور کے سٹی کونسل کے عہدے پر جمعیة علمائے اسلام ے زبیرعلی ریس میں آگئے ہے۔گزشتہ روز ہونے والے انتخابات کے دوران صوبے کے 13اضلاع کے 568پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹ ڈالے گئے، کئی جگہ ووٹنگ کے دوران تشدد کے واقعات بھی سامنے آئے جس کی وجہ سے انتخابات کو ملتوی کرنا پڑا۔
مجموعی طور پر اب تک جمعیت علما ئے اسلام (ف) کو کئی شہروں کے میئر اور تحصیل کونسل کے چیئرمین کے عہدوں پر برتری حاصل ہے اور حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف دوسرے نمبر پر ہے۔19 دسمبر 2021 کو بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں امیدوار کے انتقال , پرتشدد واقعات اور دیگر کئی وجوہات کی بنا پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے میئر، چیئرمین اور نیبر ہوڈ کونسل کی نشستوں پر انتخابات ملتوی کر دیے تھے۔اتوار کو ان تحصیلوں میں ہونے والی پولنگ کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف نے ڈیرہ اسماعیل خان سے میئر کی نشست پر کامیابی حاصل کر لی ہے۔اس نشست پر تحریک انصاف کے امیدوار عمر امین گنڈاپور نے 63 ہزار 753 ووٹ لے کر میدان مار لیا جن کے مدِ مقابل جے یو آئی (ف)کے امیدوار محمد کفیل احمد 38 ہزار 891 ووٹ کے دوسرے نمبر پر رہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر فیصل کریم کنڈی 32 ہزار 788 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان کو جمعیت علما اسلام (ف) کا انتخابی گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ لیکن عام انتخابات کے بعد بلدیاتی انتخابات میں بھی یہاں جے یو آئی( ف) کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ڈیرہ اسماعیل خان سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کی میئر کی نشست پر کامیابی پر پارٹی کارکنان جشن بھی منا رہے ہیں۔ادھر وفاقی وزیر اسد عمر نے ایک ٹوئٹ میں جے یو آئی ( ف)پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ‘”گھر سنبھل نہیں رہا اور مولانا حکومت گرانے نکلے ہیں۔”جے یو آئی( ف) نے پشاور کے سٹی میئر کی نشست پر اپنی کامیابی برقرار رکھی ہے۔ اس نشست کے چھ پولنگ اسٹیشنز پر اتوار کو دوبارہ پولنگ ہوئی جسے اس سے قبل 19 دسمبر کو لڑائی جھگڑوں کے واقعات رپورٹ ہونے کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا تھا۔اتوار کو پولنگ کے بعد سامنے آنے والے غیر سرکاری نتائج کے مطابق جے یو آئی ( ف) کے امیدوار زبیر علی پہلے نمبر پر برقرار ہیں جب کہ دوسرا نمبر تحریک انصاف کے رضوان بنگش کا ہے۔الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 65 تحصیل کونسلز میں سے 46 کے نتائج جاری کیے تھے جس کے مطابق جے یو آئی (ف) نے 18، پی ٹی آئی نے 9 اور عوامی نیشنل پارٹی نے 6 نشستیں حاصل کی تھیں۔اس سلسلے میں آزاد امیدواروں نے تحصیل کونسلز کی 7 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی، مسلم لیگ (ن) 3 جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی، جماعتِ اسلامی اور تحریک اصلاحات پاکستان ایک، ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھی۔
